لاہور،جدہ(سٹاف رپورٹر،این این آئی)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر قانون اور معاون خصوصی احتساب کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ قائد محمد نوازشریف کے بیرون ملک علاج کی شرط کا حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہیں ۔محمد نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو مشروط کرنے کا حکومتی فیصلہ عمران صاحب کے متعصبانہ روئیے اور سیاسی انتقام پر مبنی ہے ،شورٹی بانڈ جمع کرانے کا حکومتی فیصلہ منظور نہیں ،عدالت کے اوپر ایک حکومتی عدالت نہیں لگ سکتی ، نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار بے حس اور سنگ دل حکومت ہو گی۔دریں اثنا جدہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا حکومت نواز شریف کی صحت کے ساتھ سیاست کر کے ملک کے سیاسی کلچر میں بدترین مذاق کر رہی ہے اس کا نہ کوئی قانونی جواز ہے نہ کوئی اخلاقی جواز اور نہ ہی کوئی سیاسی جواز ہے صرف ایک شخص کی انا اور ضد کی بھینٹ میں چڑایا جا رہا ہے ۔ عمران خان الیکشن مہم کے دوران جب کنٹینر سے گرے تھے تو نواز شریف خود انھیں دیکھنے کے لیے ہسپتال گے تھے اور پورے ملک میں اپنی سیاسی مہم بند کر دی تھی ، کر تار پور راہداری کا منصوبہ بہت پہلے سے بنا ہو ا تھا جس سے فوج نے پایا تکمیل تک پہنچایا اس میں حکومت کا کوئی قردار نہیں اسکا کریڈیٹ فوج کو جاتا ہے ۔این این آئی کے مطابق احتساب عدالت پیشی کے موقع پر پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت نوازشریف کی صحت پر بھی سیاست کررہی ہے جو قابل افسوس ہے ،مہنگائی کی وجہ سے غریب آدمی صبح شام حکومت کو بدعائیں دے رہا ہے ۔