لاہور (جنرل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) سرکاری میڈیکل بورڈ نے ضمانت میں توسیع کے معاملے پرقائد ن لیگ نوازشریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس ایک بار پھر نامکمل قرار دے کر رائے دینے سے انکار کردیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر سرکاری میڈیکل بورڈ کا اجلاس پروفیسر محمود ایاز کی سربراہی میں سروسز ہسپتال میں ہوا۔بورڈ کے مطابق پلیٹ لیٹس کی تعداداور عارضہ کے علاج کے حوالے سے رپورٹس بورڈ کو فراہم نہیں کی گئیں ۔ کلینیکل رپورٹس کی عدم دستیابی کی وجہ سے میڈیکل بورڈ کوئی رائے نہیں دے سکتا ، بورڈ نے اپنے تحریری موقف سے حکومت کو آگاہ کر دیا ۔ اجلاس میں نواز شریف کی صحت کے حوالے سے دستاویزات کا جائزہ لیا گیا ۔ 92 نیوزرپورٹ کے مطابق قائد ن لیگ کی میڈیکل اور ٹیسٹ رپورٹس فراہم کرنے کا حکم دیا تھا مگر تمام میڈیکل رپورٹس نہیں بھجوائی گئیں ، سینئر ڈاکٹروں کے مطابق ایک خط کے ذریعے کسی بھی مریض کی صحت کو جانچنا ممکن نہیں، خط کے مندرجات کے ثبوت ساتھ لف ہی نہیں کئے گئے ، ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے بورڈکو نوازشریف کی رپورٹس کا دوبارہ جائزہ لینے کا حکم دیاگیاہے ۔