لاہور (نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لے کر جواب داخل کرنے کی ہدایت کردی، عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کو ہدایت کی اگر آپ سمجھتے ہیں میڈیکل رپورٹ ٹھیک نہیں تو حکومت قانونی کارروائی کرسکتی ہے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے نواز شریف کی درخواست جس میں حکومت کے بیرون ملک علاج کیلئے شرائط کو چیلنج کیا گیا پر کارروائی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔ نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے بتایا سابق وزیر اعظم ابھی برطانیہ میں زیر علاج ہیں، ان کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں داخل کرا دیں۔ بنچ نے استفسار کیا درخواست گزار کب واپس آئیں گے ، وکیل نے کہا جیسے ہی ڈاکٹر انہیں فٹ قرار دینگے وہ واپس آ جائیں گے ۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان نے نشاندہی کی نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ فراہم نہیں کی گئی، عدالت نے جو چار ہفتوں کا وقت دیا تھا وہ ختم ہو چکا ہے ، نواز شریف وہاں پر گھوم پھراور برگر کھا رہے ہیں۔نواز شریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے اعتراض کیا عدالت نے روزے رکھنے اور گھر سے باہر نہ نکلنے کا نہیں کہا تھا۔جسٹس چودھری مشتاق احمد نے ریمارکس دیئے سرکاری وکیل سیاست نہ کریں قانون کے مطابق بات کریں، بنچ نے قرار دیا اب تو کچھ اور لوگ یہاں سے وہاں جانے کی تیاری کر رہے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس قاسم خان کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے سانحہ ماڈل کی نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف درخواستوں پر چیف سیکرٹری پنجاب اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو طلب کرلیا ۔ وفاقی اور صوبائی حکومت نے متعلقہ دستاویزات داخل کرانے کیلئے مہلت دینے کی استدعا کی، فل بنچ نے عدالتی احکامات پر عمل نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیئے لگ رہا ہے سانحہ ماڈل ٹائون کے متاثرین سے کھلواڑ کیا جا رہا اور اس میں حکومت بھی شامل ہے ،حکومت معاملے سنجیدہ نہیں لگتی،کیس اب اتنا پرانا ہو گیاکہ اس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہونی چاہئے ،عدالت نے درخواستوں پر مزید سماعت 10 فروری تک ملتوی کرکے حکومت سے جے آئی ٹی کے متعلقہ دستاویزات طلب کر لیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے 40 اسسٹنٹ کو اسسٹنٹ رجسٹرار کے عہدے پر ترقی دینے کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج کر کے اسسٹنٹ رجسٹرار کی پروموشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کردی گئی ۔ بغاوت کیس میں گرفتار عالمگیر وزیر نے ضمانت پر رہائی کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا،ملزم کے خلاف تھانہ سول لائنزپولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے ، درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس اسجد جاوید گھرال 24 جنوری کوکریں گے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آڈر پر عملدرآمد ہونے کی بنیاد پر درخواست نمٹادی۔ بارہویں جماعت میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا باب شامل کرنے کے لیے شہری محمد حسنین نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس کی درخواست ضمانت پر امجد پرویز ایڈووکیٹ کو درخواست ضمانت میں مزید دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی اجازت دے دی ۔