لاہور،اسلام آباد (اپنے نیوز رپورٹر سے ،نامہ نگار،این این آئی) نیب نے چودھری شوگر ملز کیس میں قائد ن لیگ نواز شریف،ان کی بیٹی مریم نواز اور بھتیجے یوسف عباس کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی تیاری شروع کردی، ذرائع کے مطابق تفتیشی افسر نے ریفرنس تیار کرنا شروع کر دیا جو چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد رواں ماہ کے آخر میں دائر کئے جانے کا امکان ہے ، ریفرنس رپورٹ میں بتایا گیا کہ چودھری شوگر ملز کیس میں نواز شریف سے 2 مرتبہ سوالات کا سیشن ہوا تاہم سابق وزیراعظم دونوں مرتبہ نیب کے سوالات کا تسلی بخش جوابات نہیں دے سکے ۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کی رخصت کے باعث سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے 11دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر چودھری نے لاہور پارکنگ کمپنی میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کے کیس میں حافظ نعمان سمیت دو ملزمان کی فرد جرم میں ترمیم کرنے کی درخواست مسترد کردی اور آئندہ سماعت 13 جنوری کو گواہوں کو جرح کے لیے طلب کرلیا۔احتساب عدالت لاہورکے جج چودھری امیر محمد خان نے ڈی پی او آفس ساہیوال میں 360 ملین کی کرپشن کے سکینڈل میں پانچ ملزمان عارف حسین، شاد ریاض، محمد شفیق، توحیر خان، احمد سعید کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے ڈیوٹی جج اعظم خان نے جعلی بنک اکائونٹس کیس کے ملزم خورشید انور جمالی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 دسمبر تک توسیع کر دی ۔