ملتان،اسلام آباد(خصوصی رپورٹر،این این آئی ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو میڈیکل رپورٹس کے مطابق علاج کیلئے باہر بھیجا گیا تھا، اب صحت ٹھیک ہے توواپس آکر کیسز کاسامنا کریں ۔ ملتان میں دولت گیٹ امام بارگاہ میں مجلس میں شرکت سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کو پریشان کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔جب ہمیں پانی کی ضرورت ہوتی ہے تب پانی روک لیتا ہے اور جب یہاں پانی زیادہ ہوتا ہے تو وہ پانی چھوڑ دیتے ہیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو اے پی سی سے کوئی ڈر نہیں پہلے بھی ایسی ای پی سی ہوتی رہی ہیں، اس وقت بارشوں کی نویت غیر معمولی ہے ۔سندھ اور کراچی کے حالات پر کافی تشویش ہے ۔ سندھ اور وفاقی حکومت کو چاہیے کہ ملکر شہریوں کی تکلیف کم کی جائے ۔ شہر کی بڑھتی آبادی کے پیش نظر منصوبہ بندی نہ کی گئی ۔ان کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؓ کا جو تاریخی کردار ہے دنیا اس کی معترف ہے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی خصوصی ہدایت پر یونان میں انتقال کر جانے والے ہر غریب پاکستانی کی میت کی ترسیل پر اٹھنے والے تمام اخراجات یونان میں پاکستانی سفارتخانہ برداشت کریگا،یہ فیصلہ یکم ستمبر 2020 سے نافذالعمل ہوگا۔اس اقدام پرایتھنز میں موجود پاکستانی کمیونٹی نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ،واضح رہے کہ ماضی میں چندہ کرکے میتیں واپس لائی جاتی تھیں۔