لندن،لاہور( 92 نیوز رپورٹ،سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ایک گھنٹہ طویل ملاقات کی،شہباز شریف ملاقات کے بعد میڈیاسے بات کئے بغیر پارک لین فلیٹس سے روانہ ہوگئے ،ذرائع کے مطابق گزشتہ روزجب نوازشریف ہسپتال سے میڈیکل چیک اپ کے بعد گھرپہنچے تو انہوں نے فوری طورپرشہبازشریف کو طلب کیا،ذرائع کے مطابق ملاقات کا ایجنڈاآرمی ایکٹ پرن لیگ کی حمایت اوراس کے بعدپارٹی پرہونے والی شدیدتنقیدتھا،ذرائع نے دعوی کیاآئندہ چندروزمیں پاکستان سے اہم لیگی رہنمائوں کو لندن طلب کیاجاسکتاہے اورحتمی مشاورت کے بعد کوئی لائحہ عمل طے کیاجائیگا،نمائندہ 92نیوزنے ہسپتال سے واپسی پرجب نوازشریف سے اس حوالے سے سوال کیاتوانہوں نے کوئی جواب نہ دیا۔دوسری جانب نوازشریف نے پلیٹ لیٹس میں کمی کے مرض کا علاج کرانے کیلئے امریکہ منتقل ہونے کا فیصلہ اپنی صاحبزادی مریم نوازکی آمد سے مشروط کردیا،نوازشریف کی طبیعت مناسب رہی تو وہ مریم نوازکا مزید انتظار کریں گے ، اگر طبیعت بگڑی توانہیں شہبازشریف کے ساتھ امریکہ منتقل کردیا جائے گا۔ اہم پارٹی رہنما کے مطابق یہی وجہ ہے نوازشریف 19نومبر 2019کو پاکستان سے لندن جانے کے باوجود امریکہ کے شہر بوسٹن کے ہسپتال میں علاج کی غرض سے منتقل نہیں ہوئے ۔نوازشریف نے بھائی شہبازشریف کو ہدایت کی ہے کہ میری طبیعت پہلے سے بہترہے اس لئے پلیٹ لیٹس کا علاج کرانے کے لئے امریکہ اس وقت جایاجائے جب مریم نوازبھی لندن آجائیں، نوازشریف نے مریم نوازکو لندن لانے کے لئے شہبازشریف کو ٹاسک سونپا ہے جس کے پیش نظر مسلم لیگ (ن) نے پس پردہ مفاہمتی پالیسی کے تحت رابطے بھی شروع کردیئے ہیں ۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے نواز شریف کودل ،شوگر،گردوں اور پلیٹ لیٹس کے امراض لاحق ہیں،بوسٹن کے ہسپتال میں تمام امراض کے علاج و معالجہ کی سہولت موجود ہے ، کوشش ہے مریم نوازجلد لندن روانہ ہوجائیں۔آن لائن کے مطابق نواز شریف کی طبیعت نہ سنبھل سکی، شریف فیملی کاکہنا ہے سابق وزیراعظم کے پلیٹ لیٹس کی تعداد ابھی تک متوازن نہیں ہو سکی،امریکا بھیجے گئے نمونوں کے نتائج کا انتظار ہے جیسے ہی رپورٹس سامنے آئیں گی تو فیصلہ کیا جائیگا نواز شریف کو کہاں شفٹ کیا جائیگا۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے رائل پرومٹن ہسپتال میں نواز شریف کا معائنہ جاری ہے ، طبیعت نہ سنبھلنے پران کو امریکا یا جنیوا لے جانے کا آپشن موجود ہے ، زہر خونی کے ٹیسٹ کے لیے امریکا بھیجے گئے نمونوں کی رپورٹ کا بھی انتظار ہے ۔نواز شریف کے ذاتی معالج ڈکٹر عدنان نے کہاہے آج برومپٹن اینڈہیئرفیلڈہسپتال میں نواز شریف کے دل کاچیک اپ شیڈول تھا،کورونری انٹروینشن کیلئے پلیٹ لیٹس میں استحکام ضروری ہے ،نواز شریف کے دل کی اب تک کی تشخیص شدیدبیماری کی طرف اشارہ کرتی ہے ،نواز شریف کے پلیٹ لیٹس اوپر نیچے ہوتے رہتے ہیں۔