لاہور( جنرل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ)قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کا سروسز ہسپتال میں حکومت کے قائم کردہ10رکنی میڈیکل بورڈ کی زیر نگرانی علاج جاری ہے اور ان کے طبی معائنے کے ساتھ ساتھ ضروری ٹیسٹ بھی کئے جا رہے ہیں۔میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کا دوسری بارطبی معائنہ کیاگیا،نئی رپورٹس کے مطابق ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد30ہزارتک ہوگئی تاہم انکی جلد پرسرخ دھبے بدستوربرقرارہیں،نوازشریف نے میڈیکل بورڈکوانجائناکی تکلیف بھی بتائی۔ پلیٹ لیٹس میں کمی بیشی کے باعث نوازشریف کے جسم میں اندرونی طورپر بلیڈنگ ہو رہی ہے اورجسم پر خون کے دھبے خطرناک ہیں ،میڈیکل بورڈ نے مزید 7روز تک امیونو گلو بلین انجکشن لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پروفیسر آف ہیماٹالوجی ڈاکٹر طاہر سلطان شمسی نے تصدیق کی کہ نواز شریف کی بیماری کی تشخیص ہو گئی ہے ، ان کو لاحق بیماری کا نام اکیوٹ آئی ٹی پی ہے جو قابل علاج ہے ، یہ عموماً چھوٹے بچوں کو اور کچھ کیسز میں بڑی عمر کے لوگوں کو بھی ہو جاتا ہے ، ریکوری دو میں سے کسی ایک دوا سے ممکن ہے ،ایک سٹریرائڈ اور دوسری آئی وی آئی جی انجکشن ہے ، ادویات ملنے کے 4 سے 5 دن میں پلیٹ لیٹس کی ریکوری شروع ہو جاتی ہے ، انجکشن کے دس سے بارہ دن بعد تقریباً پلیٹ لیٹس سیلز نارمل ہو جاتے ہیں، پلیٹ لیٹس کو سیو لیمٹ میں رکھنے کیلئے چھ ماہ سے ایک سال تک ادویات کا استعمال کرنا پڑے گا۔ نواز شریف کا بلڈپریشر اورشوگر لیول بھی بڑھ گیا، ڈاکٹروں نے انہیں انسولین کا انجکشن لگانے سمیت بلڈپریشر کی ادویات بھی شروع کرا دی ہیں، انکے کارڈیک انجائنا ’ٹروپ ٹی ’ٹروپ آئی ٹیسٹ سمیت کارڈیک انزائم کے ٹیسٹ بھی تجویز کئے گئے ہیں ۔میڈیکل بورڈ کے مطابق نواز شریف کومجموعی طور پر 80 انجکشنز لگائے جائیں گے ۔میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسرمحمو ایاز نے کہا نوازشریف کو آئی ٹی پی کی بیماری کیسے ہوئی تا حال پتہ نہیں چل سکا تاہم یہ خود بخود بھی ہو سکتی ہے ، مزید ٹیسٹ کرانا پڑیں گے ، بورڈ نے جمعہ کوبھی نواز شریف کا تفصیلی معائنہ کرکے تفصیلی رپورٹ تیار کی جس میں کچھ نئی ادویات تجویز کی گئیں۔ شہباز شریف اور خاندان کے دیگر افراد نے گزشتہ روز بھی سروسز ہسپتال میں نواز شریف کی عیادت کی ، پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے تاہم انہیں ملاقات کی اجازت نہ ملی۔بورڈ نے نواز شریف کی صحت سے شہباز شریف اور صاحبزادی مریم نواز کو بھی آگاہ کیا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاحکومت نوازشریف کے حوالے سے عدالت کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد کرے گی،ڈاکٹر طاہر شمسی کے مطابق نوازشریف کی تازہ میڈیکل رپورٹ میں 22ہزار پلیٹ لیٹس آئے جن میں سے 33فیصدقدرتی طورپر بن رہے ہیں۔ نوازشریف کی اینٹی باڈیز پلیٹ لیٹس کو ضائع بھی کر رہی ہیں،ان کا علاج بروقت شروع کر دیاگیا تھا، اگلے دو سے تین دن میں طبیعت مزید بہترہوجائے گی،وہ صبح 9بجے اٹھنے کے بعد کافی بہتر محسوس کر رہے تھے ، حکومت نے نوازشریف کو باہر سے ڈاکٹر یا ادویات منگوانے کی پہلے ہی پیشکش کر دی، ڈاکٹرنوازشریف اور ڈاکٹر عدنان کو اعتماد میں لے کر علاج کر رہے ہیں، اللہ نوازشریف کو صحت اور زندگی عطا فرمائے ،ہم پر کسی قسم کا دباؤ نہیں،دوبارہ رپورٹس بناکر عدالت میں پیش کی جائیں گی، میڈیا سے کوئی چیز چھپائی نہیں جا رہی،عمران خان کو اخلاقی بنیاد پر بطور مریض نوازشریف کے ساتھ بہت ہمدردی ہے ،مریم نواز کے سارے ٹیسٹ ٹھیک آئے ہیں۔ نعیم الحق نے کہا امید ہے نوازشریف ریکور کرجائینگے ، وزرا نے کبھی انکی صحت کے حوالے سے غیرذمہ دارانہ بیان نہیں دیا، نوازشریف کی اندرونی بلیڈنگ نہیں ہوئی ۔