اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آبادہائیکورٹ نے العزیزیہ اورایون فیلڈ ریفرنسز میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا ۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریری حکمنامہ جاری کیا۔ تحریری حکمنامے میں کہاگیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ گواہوں کے بیان قلمبند کرنے کے بعد نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ کریگی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کا اشتہار چسپاں کرنے والے ایف آئی اے افسر اعجاز احمد اور طارق کو 2 دسمبر کو طلب کرلیا ۔نواز شریف کا اشتہار برطانیہ بھیجنے والے وزارت خارجہ کے افسر مبشر خان کو بھی طلب کرلیا گیاہے ۔ نوازشریف کے اشتہارات اخبارات میں شائع کیے گئے ،وفاق کے مطابق رائل میل کے ذریعے بھیجا گیا طلبی کا اشتہار نواز شریف نے وصول کیا، اشتہار رہائش گاہ اور اہم مقامات پر چسپاں کیا گیا،نیب کے مطابق اصولی طور پر اشتہار بھیجنے اور چسپاں کرنیوالوں کا بیان ریکارڈ کیا جائے ۔