لاہور (رانا محمد عظیم )نواز شریف علاج کیلئے بیرون ملک جائینگے یا نہیں؟،اس حوالے سے ن لیگ کے کئی اہم رہنما نہ صرف لا علم ہیں بلکہ تذبذب کا شکار ہیں۔ با وثوق ذرائع کے مطابق اکثر ن لیگی رہنمائوں نے نوازشریف کے بیرون ملک جانے کے حوالے سے کچھ بھی بیان بازی کرنے سے نہ صرف انکار کر دیا ہے بلکہ نوازشریف کے قریبی حلقوں کی طرف سے بھی انہیں خاموش رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ تاہم ن لیگ کے کئی اہم ترین رہنما تو واضح طور پر یہ کہہ رہے ہیں کہ میاں صاحب کو علاج کیلئے بیرون ملک جا نے کے حوالے سے ابھی تک کوئی قائل کر سکا نہ ہی ابھی تک وہ اس پر راضی ہوئے ہیں۔با وثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو انکی فیملی ہر صورت میں علاج کیلئے بیرون ملک لیجانا چاہتی ہے اور اس ضمن میں شریف خاندان کی ایک انتہائی اہم شخصیت کے کچھ رابطوں کے حوالے سے بھی کئی چیزیں سامنے آ رہی ہیں۔ شریف خاندان کی اہم ترین شخصیت نے ذمہ دار حلقوں کو کہا ہے کہ نوازشریف علاج کیلئے جائینگے اور بیرون ملک جا کر صرف علاج پر ہی انکی توجہ ہو گی۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف بیرون ملک جانے پر راضی نہیں جبکہ انکے قریب ترین خاندانی افراد اس حوالے سے یقین دہانی کرا رہے ہیں کہ وہ ان کو رضامند کر لیں گے ۔ نوازشریف کی بیماری سے شریف خاندان کے کئی افراد بخوبی آ گاہ تھے ۔ نوازشریف نے حسین نواز کو جو خط لکھا تھا اس میں بھی اپنی بیماری کی سنگینی کے حوالے سے ذکر کیا تھا۔ ن لیگ کے اہم ترین ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ ن لیگ کے اندر ما سوائے دو یا تین افراد کے اور کسی بھی شخصیت کو نوازشریف کے اگلے پروگرام کے حوالے سے کوئی علم ہے نہ کسی کو اعتماد میں لیا گیا ہے ۔