لاہور(نامہ نگار خصوصی) احتساب عدالت لاہور میں شہباز شریف، حمزہ اور اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ، آمدن سے زائد اثاثہ جات اور رمضان شوگر ملز ریفرنسز پر سماعت ہوئی، ایف بی آر نے شہباز شریف کے ٹیکس کا ریکارڈ عدالت میں جمع کر ایا۔ اس موقع پر مریم نواز نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے کمرہ عدالت میں ملاقات کی اور پی ڈی ایم کے حوالے سے مشاورت بھی کی۔ یہ ملاقات 40 سے 50 منٹ جاری رہی۔ کمرہ عدالت پہنچنے پرمیاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ان کاکرسی سے اٹھ کر استقبال کیا ،مریم نواز نے شہباز شریف کی کمر کا احوال پوچھا ،ملکی سیاسی صورتحال اور پی ڈی ایم کے آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی ۔ احتساب عدالت لاہور نے شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں نیب کے مزید گواہوں کو 20جنوری کوطلب کر لیا،شہباز شریف روسٹرم پر آگئے اور کہاویسٹ مینجمنٹ معاہدے پر بات کرنا چاہتاہوں، ترکی کو ٹھیکہ کم بولی پر دیاتھا، جج نے کہا یہ کمرہ عدالت نہیں پریس روم لگ رہاہے ، شہباز شریف نے کہاصفائی کا نظام بہترین تھا،کمپنی کے ساتھ420 ملین ڈالر کا معاہدہ ہوا مگر بڈنگ کے بعد سو ملین ڈالر کم کروائے ، احتساب عدالت لاہور نے رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت 26 جنوری تک ملتوی کرکے دیگر گواہان کو طلب کر لیا۔ مریم نواز نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ احتساب نہیں انتقام ہے ، ایک دن یہ تمام کیسز ختم ہوں گے ، ضمنی انتخابات میں جیتیں گے ، 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے بھرپور احتجاج ہوگا، براڈشیٹ کے معاملہ پر حکومتی بد نیتی سامنے آئی ، مخالفین نواز شریف کو پھانسنے چلے تھے براڈ شیٹ انکے گلے پڑ گیا، قومی خزانہ بھی برباد کیا ملا بھی کچھ نہیں، عمران خان شہباز شریف سے خوفزدہ ہیں کیوں اپنی نااہلی کی وجہ سے وہ انھیں اپنا متبادل نظر آتے ہیں، عمران خان کو جن سے خطرہ ہے وہ انھیں قید کرا دیتے ہیں،بلاول کے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج میں شرکت نہ کرنے کے متعلق انہیں علم نہیں، دریں اثنا احتساب عدالت میں میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پرمسلم لیگ (ن )کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان شدید دھکم پیل ہوئی،کارکنوں نے رکاوٹیں ختم کرکے احتساب عدالت میں داخل ہونے کی کوشش کی ، تلخ کلامی بھی ہوئی، خواجہ عمران نذیر نے بیچ بچاؤ کرایا، ،مریم اورنگزیب نے کہا صرف شہباز شریف کے بغض میں لاہور کوڑے کا ڈھیر بنا دیا گیا، لاہور پھولوں کا شہر تھا اسے کچرے کا ڈھیر بنا دیا گیا۔