لاہور؍اسلام آباد؍سیالکوٹ(خصوصی نمائندہ ؍ خصوصی نیوز رپورٹر؍ ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی ایسی پراسرار بیماری ہے کہ بڑے ڈاکٹر بھی علاج نہیں کرسکے ، نوازشریف کی بیماری کا نام اقتدار سے دوری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینار پاکستان پر پارٹی کے تنظیمی جلسہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا علاج اقتدار کا نشہ ہے ، شہباز شریف نواز شریف کے سہولت کار ہیں لیکن ہم نواز شریف کے لئے دعا گو ہیں، شہباز شریف کو واپس آنا ہوگا، ن لیگ کی قیادت قحط کا شکار ہے ، مریم بی بی مصلحت کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا بلاول بھٹو نے نواز شریف اور پنجاب کی قیادت کے حوالے سے اصل حقائق عوام کو بتائے ، ہمیں پہلے ہی علم تھا کہ اپوزیشن کا گٹھ جوڑ عوام کے لئے نہیں، اپنے مفاد کے لئے تھا، بلاول کو نواز شریف کے بارے میں حقائق بتانے پر ابو سے ڈانٹ پڑے گی۔انہوں نے مزید کہا23 فروری کا دن دختران کشمیر کے نام ہے ۔فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ مودی کے فسطائی ایجنڈے اور نفرت کی آگ میں خود بھارت جل رہا ہے ۔