لاہور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نواز شریف سوٹ بوٹ پہن کر ہنستے کھیلتے لندن پہنچے ، لندن میں ہسپتال پہنچنے سے پہلے قطر گئے ۔ ڈاکٹر عدنان اور شہباز شریف سے درخواست کرتا ہوں کہ خلیفے کی خطائی اور قیمے والے نان سے نواز شریف کو دور رکھا جائے ۔ نواز شریف کی بیماری کی وجہ یہ سارے کھابے ہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔فیاض الحسن چوہا ن نے کہا کہ عمران خان نے کسی کو این آر او دیا اور نہ دیں گے ۔ پاکستان اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کے درمیان کوئی لڑائی نہیں ، اپوزیشن کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔ حکومت کے تمام اتحادی بھی ساتھ کھڑے ہیں، چھوٹے میاں صاحب خود کرپشن میں ملوث ہیں مگر اپنے بڑے بھائی کی ضمانت دے رہے ہیں۔ شہباز شریف نے پنجاب کا بیڑہ غرق کر دیا ۔ پی ٹی آئی کا کوئی وزیر عدلیہ کو تنقید کا نشانہ نہیں بنائے گا۔ تین سالوں کا ڈیٹا اٹھا لیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ سال کے آخری تین مہینوں میں قیمتیں بڑھ جاتی تھیں۔