لندن، لاہور،اسلام آباد (غلام حسین اعوان ،نمائندہ خصوصی سے ،خبرنگارخصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں )ن لیگ کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف علاج کی غرض سے لندن پہنچ گئے جہاں پر انہیں ایون فیلڈ فلیٹس منتقل کردیاگیا، ڈاکٹرز کی ٹیم آج طبی معائنہ کریگی جبکہ حسین نواز نے قوم سے والد کیلئے دعائوں کی اپیل ہے ۔ ایئرایمبولینس سابق وزیراعظم کو لے کر لاہور ایئر پورٹ سے منگل کی صبح دس بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوئی۔ بھائی شہباز شریف،معالج ڈاکٹر عدنان ،عابد اﷲ جان اور محمد عرفان سمیت 7 افراد ساتھ تھے ۔میاں نواز شریف کی ائیر ایمبولینس نے دوحہ (قطر) میں مختصر قیام کیا اور پھر لندن کے لیے روانہ ہو گئی۔نواز شریف کو قطر پہنچنے پر شاہی پروٹوکول دیا گیا۔امیر قطر شیخ تمیم الثانی نے اپنے چیف پروٹوکول آفیسر کو ایئر ایمبولنس میں بھیجا،قطری چیف پروٹوکول آفیسر نے نواز شریف کو طیارے کے اندر جاکر ریسیو کیااور نواز شریف کو رائل ٹرمینل لائونج لیجایا گیا۔دوحہ میں نواز شریف کا طبی معائنہ کیا گیا اور طیارے کو ری فیول بھی کیا گیا۔۔ادھر ہیتھرو ائیرپورٹ پر نوازشریف بیٹوں حسین نواز، حسن نوازاور بھتیجے سلمان شہباز نے استقبال کیا۔ ایمبولینس اور خصوصی گاڑیوں کے ذریعے انہیں پارک لین میں ایون فیلڈ فلیٹس منتقل کیا گیا۔نوازشریف کو ائیرپورٹ کے وی وی آئی پی گیٹ سے ریسیو کیا گیا۔ ڈاکٹرز کی ٹیم لندن میں حسن نواز کے فلیٹ میں نوازشریف کا آج طبی معائنہ کرے گی۔ نوازشریف مختلف ٹیسٹ کرانے کیلئے ہارلے سٹریٹ کلینک جائینگے ۔سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی ایون فیلڈ پہنچ گئے ۔ حسین نواز نے صحافیوں کے سوال پر کہا کہ یہاں انسانی ہمدردی والی کوئی بات نہیں ۔ اس وقت کوئی سیاسی بات نہیں کرنا چاہتا۔ ہمارے لئے میاں صاحب کا علاج سب سے ضروری ہے ۔نوازشریف علاج کیلئے امریکا جانا چاہتے ہیں،ڈاکٹرز نوازشریف کا تفصیلی طبی معائنہ کرینگے ۔پوری قوم سے میاں صاحب کی صحتیابی کی دعائوں کی اپیل کرتا ہوں۔چاہتے ہیں کہ نوازشریف کی تمام بیماریوں کا علاج ایک چھت کے نیچے ہو،برطانیہ میں ایسی تمام سہولیات موجود نہیں ۔ والدہ کی بیماری کو بھی سیاسی بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔ لندن میں طبیعت بہتر نہ ہونے پر نواز شریف کو فوری طور پر امریکا منتقل کیا جائے گا۔ قبل ازیں گزشتہ صبح میاں شہباز شریف اپنے بڑے بھائی کے ہمراہ لندن روانگی کے لیے ماڈل ٹائون لاہور سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے ۔ائیر پورٹ پر میاں نواز شریف کا طبی معائنہ کیاگیااور پلیٹ لیٹس کو مستحکم کرنے کیلئے ادویات بھی دی گئیں ، میڈیکل ٹیم نے سفر کے قابل قرار دیا۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر راہنمائوں راجہ ظفر الحق، احسن اقبال، خواجہ آصف، ایاز صادق، مریم اورنگزیب اور خرم دستگیر و دیگر نے حج ٹرمینل سے سابق وزیر اعظم کو رخصت کیا۔ قبل ازیں جب میاں محمد نواز شریف ائیر پورٹ پہنچے تو لیگی رہنمائوں نے ان کی گاڑی پر گل پاشی بھی کی اور ان کے حق میں نعرے بلند کئے ۔ مریم نواز ایئرپورٹ نہیں آئیں، اورانہوں نے جاتی عمرہ سے ہی دادی کیساتھ والد کو الوداع کیا۔ سخت سکیورٹی کی وجہ سے پارٹی کے 21سینئر رہنمائوں کو حج ٹرمینل کے لائونج تک جانے کی اجازت دی گئی ۔ شہباز شریف اور پارٹی کے مرکزی رہنمائوں نے اس موقع پر مختلف امور پر مشاورت بھی کی ۔قریبی رشتہ دار بھی ائیرپورٹ آئے ،صدقہ بھی دیا گیا۔ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ دعائوں، محبتوں پر قوم اور کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے کروڑوں عوام کو نوازشریف کی صحت سے مسلسل آگاہ رکھا ،انشا اﷲ نوازشریف صحت مند ہوکر جلد واپس لوٹیں گے ۔ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر ن لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے نوازشریف کا استقبال کیا،نوازشریف کے حق اور وزیر اعظم عمران خان کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ نوازشریف کے علاج کا پہلا مرحلہ لندن میں ہوگا۔ان کے تمام ذاتی معالج یہاں پر ہیں۔اگر ضرورت محسوس ہوئی تو کسی اور جگہ بھی لے جایا جاسکتا ہے ۔جاتی عمرہ کی طرح ایون فیلڈ میں بھی آئی سی یو بنایا گیا ہے ۔