لاہور(جنرل رپورٹر،صباح نیوز)سابق وزیراعظم نوازشریف کا شریف میڈیکل سٹی میں چیک اپ کیا گیا ،ان کے مختلف ٹیسٹ بھی کیے گئے ۔نواز شریف گزشتہ روز صبح ساڑھے 10 بجے شریف میڈیکل سٹی پہنچے تو اْن کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی ساتھ تھے ۔سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹوئیٹ میں کہا والد کے علاج کے بارے میں ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں ہوا ،ان کی صحت سے متعلق بہت پریشان ہوں۔ ڈاکٹرز ابھی میاں نواز شریف کی مختلف رپورٹس چیک کر رہے ہیں،والدکو دل کے علاوہ دماغ کی شریانوں کا مسئلہ بھی سنگین ہے ،عوام سے دعاؤں کی درخواست ہے ۔آغا خان ہسپتال کے طبی ماہرین کی ٹیم ،جن میں مختلف سرجنز شامل تھے ، نے میاں نواز شریف کی مختلف میڈیکل رپورٹوں کا معائنہ بھی کیا۔ادھر میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے نوازشریف کی زندگی کوخطرات لاحق ہیں اور عارضہ قلب ان کی زندگی کے لیے خطرہ ہے ۔نوازشریف کے لیے آغا خان یونیورسٹی ہسپتا ل سے ایک ٹیم آئی جس کا مقصدبیماری کو سمجھنا اور ہسٹری لینا تھا۔نواز شریف کے دل کی شریانوں میں بلاکج ہے ، اگر سٹنٹنگ نہ ہو تو ہوسکتا ہے بائی پاس سرجری کی ضرورت پڑ ے ، دماغ کو خون سپلائی کرنے والے شریانوں میں بھی رکاوٹ ہے ، دل کا ایشو اور دماغ کو خون کی سپلائی میں کمی اہم مسائل ہیں۔ نوازشریف کے بیرونی معالج سے بھی رابطے میں ہیں، جس سطح پر انہیں ہسپتا ل داخل کرنے کی ضرورت پڑے گی کرادیا جائے گا۔نواز شریف کے ملک کے اندر یا باہر علاج کے بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ان کا علاج ہورہا ہے اور 24 گھنٹے ان کی میڈیکل نگرانی کی جارہی ہے ۔