لاہور(گوہر علی) مسلم لیگ (ن) نوازشریف کی رہائی کے معاملہ پر تنہائی کا شکارہوگئی ہے ۔اپوزیشن جماعتوں کے اجلاسوں اور رابطو ں میں نوازشریف کی رہائی کیلئے ابتدائی لائحہ عمل بھی مرتب نہ ہونے پر مسلم لیگ (ن) میں سخت مایوسی پھیل گئی ہے ، اب یہ جماعت اپنے طو رپر اس معاملہ کو عوام میں لے جانے کے مختلف آپشن پر غور کررہی ہے ۔ اپوزیشن کا حالیہ افطار ڈنر مہنگائی اور نیب کے معاملات تک محدود رہا جس کے بعد مسلم لیگ (ن ) کی اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے نوازشریف کی رہائی کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالنے کی امید دم توڑ گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کی رہائی پر مسلم لیگ (ن) ابھی تک اپنی واضح حکمت عملی مرتب نہیں کرسکی ۔اب مسلم لیگ (ن) کے اجلاسوں میں مریم نواز کو قریبی ساتھیوں نے مشورہ دیا کہ وہ نوازشریف کی رہائی کیلئے پارٹی کی سطح پر مہم چلائیں اور اپوزیشن جماعتوں پر انحصار نہ کریں ۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی اے پی سی کیلئے ہونے والے رابطوں میں بھی نواز شریف کی رہائی کا معاملہ ترجیحات میں شامل نہیں ۔