اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہاہے کہ نوازشریف کی سیاست کو مرتے ہوئے دیکھ رہاہوں،ن اورش لیگ کی راہیں جدا ہوچکی ہیں،بھتیجی نہیں چاہتی چچاکاکوئی راستہ بنے ،پاک فوج اوراس کے ادارے ملک کی سلامتی کے ضامن ہیں،یوسف رضاگیلانی اپنانام ای سی ایل میں ہونے پروزارت داخلہ یاعدالت سے رجوع کریں۔اسلام آباد میں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا حکومت اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات سے متعلق کوئی خبر میرے پاس نہیں، اگر ٹی ٹی پی کے لوگ آئین پاکستان کی حرمت کا پاسداری کرنے کا عزم کرتے ہیں تو میں نہیں سمجھتا کہ اس میں کوئی حرج ہے ۔، ہماری کوشش ہے کہ معاملات احسن طریقے سے حل ہوں لیکن اگر ایسا نہیں ہوا تو ہمارے اداروں اور فوج کی صلاحیت بھرپور جواب دے گی۔ اگرنوازشریف واپس آنا چاہتے ہیں تو24گھنٹے میں کاغذات جاری کرسکتے ہیں، اپوزیشن جب چاہیے حساس ادارے کو تنقید کا نشانہ بناتی ہے اور میڈیا اسے پوری آزادی کے ساتھ نشر کرتا ہے ، اس سے زیادہ میڈیا کی آزادی دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ پاکستان میں لاکھوں غیرملکی پاسپورٹ ہولڈرز لاپتا ہیں اس لیے انہیں ایمنسٹی دی جارہی ہے تاکہ وہ 30 اکتوبر سے پہلے درخواست دیں اور اپنے ملک روانہ ہوجائیں، افغانستان کیلئے آن لائن ویزا کرنے جارہے ہیں اس سے معلومات میں شفافیت آئے گی، پنڈورا لیکس کی تحقیقات کی جائیں گی اور جواب نا دینے والوں کو اداروں کے حوالے کیا جائے گا۔