لاہور(جنرل رپورٹر، سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر)سابق وزیر اعظم نوازشریف کے بائیں گردے میں پتھری نکل آئی،تاہم خرابی صحت کے باعث سروسز ہسپتال میں انکا علاج جاری ہے ۔ گزشتہ روز 92نیوز نے نوازشریف کے سی ٹی سکین ٹیسٹ کی رپورٹ حاصل کرلی۔ہسپتال ذرائع کے مطابق سی ٹی سکین ٹیسٹ میں نوازشریف کے بائیں گردے میں مائنر پتھری نظرآئی ہے ۔ڈاکٹرزکے مطابق نوازشریف کے گردے میں موجودپتھری لتھوٹرپسی کے ذریعے نکالی جاسکتی ہے ۔ صبح ڈاکٹروں کے چھ رکنی بورڈ نے نوازشریف کے ابتدائی بلڈ اور یورین ٹیسٹ کئے اور نہار منہ چند ٹیسٹ ہونے کے بعد ہسپتال میں ہی سی ٹی سکین اور الٹر اساؤنڈ بھی کیا گیا۔بعدازاں نوازشریف کوسروسز ہسپتال کے وی وی آئی پی روم سے بلٹ پروف گاڑی میں نیو او پی ڈی بلاک منتقل کیا گیا جہاں وہ ایک گھنٹہ سے زیائد تک موجود رہے اور انکے ٹیسٹ اور طبی معائنہ ہوا۔بعدازاں نواز شریف کو واپس وی وی آئی پی روم پہنچا دیا گیا۔ نوازشریف کے مزید ٹیسٹ میڈیکل بورڈ کی سفارش کی روشنی میں ہونگے اور دل کے امراض کے ماہر بھی انکا چیک اپ کرینگے ۔گزشتہ روز سروسز ہسپتال کے گیٹ پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے نوازشریف سے اظہار یکجہتی کیلئے کیمپ لگا لیا جہاں وہ اپنے قائد کی صحتیابی کیلئے قرآن خوانی اور دعائیں کرتے رہے ۔ کارکنوں کی طرف سے گاہے بگاہے نوازشریف کے حق میں نعرہ بازی کا سلسلہ بھی جاری رہا جبکہ جبکہ کچھ کارکنوں نے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ بھی لگا لیا۔