لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو تین چار امراض ہیں ، کسی عدالت نے سزا نہیں دی ان کے خلاف تو ابھی ٹرائل بھی شروع نہیں ہوا ، نوازشریف سزا یافتہ قیدی تھے لیکن زرداری تو نہیں ، ہم چاہتے ہیں کہ زرداری کے ذاتی معالج کو اس بورڈ کا حصہ بنایا جائے ۔پروگرام ہوکیارہاہے میزبان فیصل عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوازشریف کے خلاف جس انتقام ، غفلت کا مظاہرہ کیا وہ ناقابل قبول ہے ،وزیراعظم خود کہہ رہے ہیں کہ وہ شدید علیل ہیں لیکن پھربھی ان سے سات ارب کا بانڈ مانگا جا رہاہے یہ بری بات ہے اور غلط روایات ڈالی جارہی ہیں یہ غیرانسانی عمل ہے ،فضل الرحمان کا پلان بی اے سے زیادہ عوام کیلئے تکلیف دہ بن سکتا ہے ، ہم پلان بی سے اتفاق نہیں کرتے ،امید ہے مولانا عوام کو تکلیف دینے کا کوئی کام نہیں کرینگے ۔تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا کہ زردار ی کی صحت بہت خراب ہے ،میرا خیال ہے کہ حکومت کیلئے یہ بہترین ہے کہ نوازشریف کی بیرون ملک جانے کا معاملہ عدالت طے کرے تاکہ ان پر الزام نہ آئے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ واپس آئیں گے ،اس لئے عمران خان کو چاہئے کہ وہ نوازشریف،مریم کو جانے کی اجازت دے دیں ،اگر نوازشریف نہیں آتے تو اس کا نقصان ن لیگ کو ہی ہوگا۔یہ کہاگیا کہ فضل الرحمان کو مخصوص قسم کی حمایت حاصل ہے اس کے بغیرتووہ آہی نہیں سکتے ، عثمان بزدار کو ہٹانا یا نہ ہٹانا وزیراعظم کا اختیارہے ،چودھری برادران بزدار کے ساتھ ہیں۔ پاک فوج چاہتی ہے کہ منتخب حکومت اپنے پائوں پر کھڑی ہو اور کارکردگی دکھائے یہی بات چودھری شجاعت نے کی ۔