اسلام آباد/لاہور(این این آئی ،مانیٹرنگ ڈیسک) سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت حسین نے کہاہے کہ نوازشریف کے باہرجانے کے معاملے کوسرکاری گورکھ دھندے میں نہ الجھایا جائے ،سرکاری گورکھ دھندے میں الجھایاگیاتوملک میں افرا تفری ہوگی،نوازشریف کی درخواست پرانسانی ہمدردی کی بنیادپرفیصلہ کیا جائے ،کسی کی بیماری پرسیاست نہیں ہونی چاہئے ،نوازشریف کانام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے بڑے دل کامظاہرہ کرناچاہئے ،نوازشریف کوکچھ ہواتوملکی سیاست مزیدتلخ ہوجائے گی،ایساکوئی اقدام نہ کیاجائے جس کابعدمیں ازالہ نہ ہوسکے ۔قبل ازیں چودھری شجاعت حسین سے چین کے سفیر مسٹر یاؤ جنگ نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی چودھری سالک حسین بھی موجود تھے ۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے ۔ چینی سفیر مسٹر یائو جنگ نے چودھری شجاعت حسین کے جذبات کو سراہا کہ چودھری شجاعت حسین چین کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔