اٹک،چکوال،حضرو(نمائندگان92 نیوز)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ احتساب کرنا ہے تو آغاز مجھ سے کرو، میں وزیراعظم تھا اور46 وزرا تھے ، سلیکٹڈ وزیراعظم ملک کے حالات ٹھیک نہیں کرسکتا۔گزشتہ روز اٹک میں پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب میں شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ ہم آمروں کی دھمکیوں اور جیلوں سے نہیں گھبرائے تو سلیکٹڈ سے کیا ڈریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم وہی کچھ دے سکتا ہے جو عمران خان نے ملک کو دیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہاں تو ہر چیز میں سوموٹو ہوتا تھا، تو آج کوئی پوچھنے والا کیوں نہیں؟ اس کا جواب ہے کسی کے پاس؟۔ انہوں نے کہا کہ ہم نواز کی نہیں انصاف کی بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جو قرضے دس ماہ میں لئے اتنا قرض کبھی کسی نے پانچ سال میں نہیں لیا۔شاہدخاقان نے کہا کہ وزیراعظم کے ارد گرد بدعنوان افراد کا ٹولہ موجود ہے پاکستان میں 2 نظام نہیں چل سکتے اپوزیشن کے لئے الگ قانون اور حکومت کے لئے الگ ۔انہوں نے کہا کہ قائد نواز شریف کے خلاف فیصلہ کرنے والے جج خود بول اٹھے ہیں اس نے نظام عدل پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے کہ فیصلے کس طرح ہوتے ہیں۔احسن اقبال نے کنونشن سے خطاب میں کہا کہ عمران خان پاکستان کی معاشی تباہی کا ایجنڈا لے کر آئے ، ہماری حکومت کو سازش کے تحت نکالا گیا، ن لیگ کی حکومت پھر آ جاتی توپاکستان ایشیا کا ٹائیگر بن جاتا،انہوں نے کہا کہ ہم سے 25 سال بعد بننے والا بنگلادیش آگے نکل گیا۔احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ( ن ) ملک بچانے کے لئے نکلی ہے ، انہوں نے کہا کہ ملک میں ہرچیزمہنگی ہوگئی ہے ، 22 کروڑ عوام پوچھتے ہیں چیزیں کب سستی ہو ں گی ،انہوں نے کہا کہ عمران ہمارا کچھ بگاڑ نہیں سکتا ہم اس حکومت کو گھر بھجیں گے ۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے خطاب میں کہا ہے کہ اب شیر زیادہ دیر تک جیل میں نہیں رہے گا۔کنونشن سے شیخ آفتاب،سہیل کمڑیال،جہانگیرخانزاد ہ اوردیگرنے بھی خطاب کیا۔دریں اثنا شاہد خاقان عباسی نے ضلع چکوال میں میجر طاہر اقبال کی رہائش گاہ پر پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا کہ ملک میں اس وقت جمہوریت کی آڑ میں بدترین آمریت قائم کی جارہی ہے ، لوگ مہنگائی بیروزگاری سے تنگ ہیں اور حکومت سے نجات چاہتے ہیں ۔ احسن اقبال نے خطاب میں کہا کہ مہنگائی کے سونامی میں پورے ملک کے عوام کو ڈبو دیا گیا ہے اور عوام اب خود سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار ہیں،انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس نظریاتی لوگ بچے ہیں جو پکے پیروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور جو کوئی پارٹی چھوڑے گا وہ مسلم لیگ ن نہیں بلکہ اپنا نقصان کریگا۔