لاہور،اسلام آباد (92 نیوز رپورٹ، خبر نگار خصوصی ،وقائع نگار)ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نوازشریف کے مشیروں نے ان کے پاؤں پر پھر کلہاڑی ماری۔چودھری شجاعت حسین نے اپوزیشن کی اے پی سی میں نواز شریف کی تقریر پر ردعمل میں کہا کہ نوازشریف نے سیاستدانوں کے بجائے فوج کو ہدف تنقید بنایا،نوازشریف نے ہر دفعہ اقتدار ملنے کے بعد فوج سے لڑائی اور اداروں کو کمزور کیا، اب عوام دوبارہ بددیانتی کے فیصلوں کو قبول نہیں کریں گے ، فیصلے نوازشریف نے نہیں بلکہ عوام نے کرنا ہیں، انہوں نے اداروں پر انتخابات کو ہائی جیک کرنے اور بددیانتی کا الزام لگایا جبکہ یہی کام وہ خود وزیراعظم بننے کیلئے کر چکے ہیں، چیئرمین نیب پر بات کرنے سے پہلے سوچنا چاہئے تھا کہ ان کی نامزدگی خود انہوں نے ہی کی تھی۔چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نوازشریف نے 1990ء کے الیکشن میں دن بارہ بجے خود ہی رزلٹ کا اعلان کر دیا جبکہ الیکشن کمیشن نے شام کو اعلان کرنا تھا، اس وقت نوازشریف نے ہی الیکشن کمیشن کو درخواست کی تھی کہ فوج الیکشن کی ذمہ داری لے ، اس وقت فوج اچھی تھی اب بری ہوگئی، نوازشریف کے مطابق ملک کو لیبارٹری بنا دیا گیا جبکہ اس لیبارٹری کی بنیاد انہوں نے خود رکھی تھی، انہوں نے اپنی تقریر میں رگنگ کا حوالہ تو دیا لیکن اپنے حق میں کی گئی دھاندلی کو بھول گئے ۔