چندی گڑھ (نیٹ نیوز) بھارتی ریاست پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے استعفیٰ دے دیا۔ سدھو نے اپنی ٹویٹ میں مستعفی ہونے کا اعلان کیا جبکہ انہوں نے راہول گاندھی کے نام لکھے گئے استعفیٰ کاعکس بھی شیئر کیا۔ سدھو نے بتایا کہ میں نے استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی ارسال کر دیا ہے تاہم وزیراعلیٰ ہاؤس کو تاحال استعفیٰ موصول نہیں ہوا۔سدھو نے مستعفی ہونے کی وجہ نہیں بتائی، جبکہ کانگریس کی جانب سے استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔ سدھو وزیراعلیٰ سے اختلاف کے باعث گزشتہ ماہ ہی وزارت بلدیات اور سیاحت و ثقافت سے دستبردار ہوگئے تھے تاہم راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد معاملات طے پاگئے تھے جسکے بعد انہیں وزارت توانائی دی گئی تھی تاہم انہوں نے اپنی ذمہ داریاں نہیں سنبھالی تھیں۔