لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ نوازشریف فیملی کے اصرار پر لندن گئے تھے پارٹی کی ان سے یہ درخواست ہے کہ وہ اپنا علاج کرائیں لیکن ا ن کی سوچ ہے کہ وہ پاکستانی عوام میں رہیں ،ہمیں عدالت نے پہلے بھی ریلیف دیا تھا امید ہے اب بھی ملے گا۔پروگرام نائٹ ایڈیشن میں میزبان شازیہ اکرم سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب رپورٹس عدالت میں جمع کرائی جائیں گی تو سب کچھ سامنے ا ٓجائے گا ،ہم چاہتے ہیں کہ مارچ میں ضرور احتجاج ہولیکن ا س کوسارے مل کریں ۔بیوروچیف 92نیوزلندن غلام حسین اعوا ن نے کہاہے کہ نوازشریف چاہتے ہیں کہ وہ فوری وطن واپس جائیں تاکہ ان کے نام کے ساتھ بھگوڑے کا لفظ نہ لگے ، شہباز اورنوازشریف سے ملاقات میں اس بات پر مشاورت کی گئی کہ ہم عدالت کے ذریعے ریلیف حاصل کرینگے ، آئندہ چند روز میں ن لیگ کے رہنمائوں کو لندن طلب کئے جانے کاامکان ہے ۔ماہرمعاشیات مزمل اسلم نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی ڈیمانڈ بجلی کی قیمتیں نہیں بلکہ گردشی قرضہ ہے اورکوئی بھی اخراجات اپنی جیب سے ادانہ کریں لیکن بجلی کی قیمت اس سطح پر پہنچ چکی ہیں کہ مزید اضافے کے بعد کاروبار بند ہوجائیں گے ۔ دفاعی تجزیہ کار جنرل ریٹائرڈ نعیم خالد لودھی نے کہا ہے کہ بھا رت میں جن بوتل سے نکل آیا ہے بھارتی حکومت نے جس ڈگر پرخود کو چلایا اب حالات ان کے کنٹرول میں نہیں رہیں گے ، نظرآرہا ہے کہ اب بھارت کا بٹوارہ ہوکررہے گا ۔ سی ای او شوکت خانم ہسپتال اور انفیکشن سپیشلسٹ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ کرونا باعث تشویش ہے لیکن اس کے با رے میں خوف پھیلانا درست نہیں، اس کا پھیلائو بھی روکنے کی ضرورت ہے ،یہ وائرس سرد موسم میں وائرس زیادہ ہوتا ہے ، وائرس کا گوشت یا مرغی سے کوئی تعلق نہیں ۔نمائند ہ کراچی وحید راجپر نے کہا کہ سندھ حکومت ان اٹھائیس زائرین کی تلاش کررہی ہے جو اس شخص کے ساتھ ایران گئے تھے ۔