لاہور/ننکانہ صاحب (نمائندہ خصوصی سے )وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کے ساتھ ڈیل کی جا رہی ہے اور نہ ہی ڈھیل دی جارہی ہے ۔وزیر اعظم عمران خان اس قسم کے آدمی نہیں کہ کسی کوڈیل یا ڈھیل دیں۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کو خالصتاً انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیرون ملک علاج کی اجازت دی جا رہی ہے کیونکہ ڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف کی حالت تشویشناک ہے اور پاکستان میں ان کا علاج ممکن نہیں ، قوی یقین ہے وہ علاج کے بعد وطن واپس ضرور آئیں گے ۔گورو نانک دیو جی کے 550ویں جنم دن کی تقریبات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا نواز شریف کے والد، بیوی اور بھائی کی قبریں پاکستان میں ہیں اسلئے وہ پاکستان نہیں چھوڑسکتے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا مریم نواز بیمار ہوئیں تو ان کو بھی بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی اجازت مل سکتی ہے ، بیماری کے بغیر ان کو باہر نہیں جانے دیں گے ۔ وہ ٹھیک ہیں، اﷲ انہیں صحتیاب رکھے ۔ ایک اور سوال پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا مولانا فضل الرحمان کو اتنی سہولتیں دے رہے ہیں کہ ان کا دل اسلام آباد میں لگ گیا ۔ وہ جلد جانیوالے نہیں ، ہم انہیں اتنا پیار دے رہے ہیں کہ وہ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ بھول جائیں گے ۔انشاء اﷲ تعالی حکومت پانچ سال اور اگلے پانچ سال بھی پورے کرے گی ۔ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا مہنگائی ہے اس میں کوئی شک نہیں، ہم اسے کم کرنے اور گورننس ٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔