لاہور(نمائندہ خصوصی سے ،مانیٹرنگ ڈیسک) حکومتی کمیٹی نے قائد ن لیگ نواز شریف کی صحت اور لندن میں قیام میں توسیع کے معاملہ پر ن لیگ کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹس میڈیکل بورڈ کو بھجوادیں، میڈیکل بورڈ 3یوم میں اپنی سفارشات پیش کرے گا، جس کے بعدمدت ضمانت میں توسیع کا فیصلہ ہوگا۔ نواز شریف کی صحت اور لندن میں قیام میں توسیع کے معاملہ پرڈپٹی سیکرٹری (ن) لیگ عطااﷲ تارڑ،راجہ بشارت کی سربراہی میں قائم حکومتی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے اور سابق وزیر اعظم کی صحت سے آگاہ کیا۔نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے سکائپ /ویڈیو لنک کے ذریعے سابق وزیر اعظم کی صحت کی تازہ ترین صورتحال بتائی۔عطاء اﷲ تارڑ نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی،ضروری ہے سابق وزیر اعظم کا پہلے دل کا علاج کرایاجائے ،پھر باقی بیماریوں کا علاج شروع ہوگاکیونکہ دل کیساتھ گردوں کو بھی خطرہ لاحق ہوتا ہے ،نواز شریف کے 7 میں سے 2 سٹنٹ کام کرنا چھوڑ گئے ہیں، اس ضمن میں میڈیکل رپورٹس بھی کمیٹی کے روبرو پیش کی گئیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ بشارت نے واضح کیا کہ عطاء اﷲ تارڑ اور ڈاکٹر عدنان کا موقف سن لیااور تازہ رپورٹس بھی موصول ہو گئی ہیں۔