کراچی،لاہور،نئی دہلی(سٹاف رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے ،مانیٹرنگ ڈیسک ) شوال کا چاند نظر آگیا۔ آ ج 5جون بروز بدھ پورے ملک میں عید الفطر مذہبی عقیدت واحترام اور جوش و جذبہ سے منائی جائیگی۔(باقی صفحہ 5نمبر13) گزشتہ شام چاند نظر آنے کا اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن نے شہادتیں موصول ہونے کے بعد کیا۔لاہور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ایوان اوقاف میں ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبد الخبیر آزاد، خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی ،صاحبزادہ حافظ فضل الرحیم اشرفی، مولانا مقصود احمد قادری، مولانا محمد امجد خان، مولانا مفتی محمد انتخاب نوری ، ڈاکٹر عبد الغفور راشد، مولانا محمد حسین اکبر، مولانا غلام مصطفی ثاقب، مولانا غلام مصطفی رضوی،ترجمان اوقاف آصف اعجاز سمیت ریجنل ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات، سپارکوکے ذمہ داروں نے شرکت کی۔دریں اثنا بھارت میں بھی شوال کاچاند نظر آگیا ، بھارتی مسلمان بھی آج عید الفطر منائینگے ۔ گزشتہ روز صوبہ خیبر پختونخوا میں سرکاری سطح پر عید الفطر منائی گئی۔وزیراعلیٰ محمود خان نے وزیراعلیٰ ہائوس میں عید کی نماز ادا کی ۔علاوہ ازیں کراچی سمیت ملک بھر میں داؤدی بوہرہ جماعت نے عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منگل کو منائی۔دریں اثنا سعودی عرب،عراق، کویت، بحرین ، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں منگل کوعیدالفطرپورے مذہبی عقیدت اوراحترام سے منائی گئی ۔انڈونیشیا، جاپان، ملائیشیا، آسٹریلیا اور تھائی لینڈ میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا تاہم عیدالفطر بدھ کو ہوگی۔ گورنر پنجاب کی بادشاہی مسجد میں نماز عید ادا کرنے کی اطلاعات کے پیش نظر محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب نے اس ضمن میں تیاریاں مکمل کر لیں۔خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبد الخبیر آزاد اور ایڈمنسٹریٹر بادشاہی مسجد محمد علی خان رات گئے تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ عید اجتماع کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دیتے رہے ۔بادشاہی مسجد میں تقریبا 1 لاکھ کے قریب نمازی شریک ہونگے ۔ لاہور میں جامع مسجد داتا دربار، جامع مسجدمنصورہ، مسجد شہدائ، سنہری مسجد، مسجد وزیر خان، ویگر مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوں گے ۔ اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور،کراچی،پشاور(سپیشل رپورٹر،وقائع نگار خصوصی،نمائندہ خصوصی سے ،خصوصی نمائندہ ،سٹاف رپورٹر،92نیوز،نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر پوری ملت اسلامیہ کو بالعموم اور پاکستانی قوم کو بالخصوص مبارک باد پیش کرتا ہوں۔عید الفطر کا تہوار اسلامی تہذیب و ثقافت اور دینی و ملی روایات کی علامت ہے ۔ عید الفطر کے پرمسرت موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد بھی کرنا چاہئے کہ ہم باہمی ہمدردی، رواداری، احترام اور خیر خواہی کیساتھ رہینگے اور محدود علاقائی، ذاتی اور نسلی تعصبات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرینگے ۔ اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں اسلام کی ابدی و سچی تعلیمات پر عمل پیرا فرمائے اور وطن عزیز کو امن و ترقی کا گہوارہ بنائے ، آمین۔دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان نے پیغام میں کہا کہ تمام پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور خدا کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے ہمیں خوشیوں بھرا یہ دن عطا کیا ۔عید الفطر کا مقصد مسلمانو ں میں اتحاد ، اخوت ، بھائی چارہ ، ایثار اور سخاوت جیسے جذبات کو فروغ دینا ہے ۔ موجودہ حکومت نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے صحیح سمت میں سفر کا آغاز کردیا ہے ۔ بہت جلد وطن عزیز پاکستان کو معاشی و معاشرتی مشکلات سے نکال کر ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست میں ڈھالنے میں کامیاب ہوجائینگے ۔ اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ پاکستان کو امن ، ترقی و خوشحالی کا ایسا مثالی گہوارہ بنائے جس کو دیکھنے کیلئے ہم سب کی نگاہیں منتظر ہیں اور آج کے دن کو تمام لوگوں کیلئے خوشی و مسرت کا دن بنائے ،آمین!۔افواج پاکستان کی جانب سے بھی ہم وطن پاکستانیوں کو عید کی مبارکباد دی گئی۔چیئرمین جوائنٹ آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے اہل وطن کیلئے عید مبارک کاپیغام جاری کیا گیا جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ امن ، ترقی ، ملکی استحکام کی دعائوں کیساتھ عید مبارک ہو۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ کے ذریعے مبارکباد دی۔گور نر پنجاب چودھری سرور نے پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہمیں آپس کے اختلاف بھلا کر پاکستان کی ترقی اور سالمیت کیلئے ملکر کام کر نے کا عہد کر نا چاہئے ۔ عید پر ہمیں ملکی سر حدوں کی حفاظت اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شہیدہونیوالوں کو بھی اپنی دعائیوں میں یاد رکھنا ہوگا ۔ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے عید الفطر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے جیل سے اپنے پیغام میں کہا کہ میری عید ان غریب عوام کے نام ہے جو پریشان حال زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ ن لیگ کے صدر و قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف نے قوم کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اسیر نوازشریف کے بغیر عید کی خوشیاں نامکمل ہیں۔ اﷲ تعالی سے دعا ہے کہ نوازشریف جلد رہا ہوں۔ آج کے دن خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق، فواد حسن فواد، احد چیمہ سمیت تمام سیاسی اسیروں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔مشکل معاشی صورتحال، ہوشربا مہنگائی نے ہم وطنوں کی خوشیاں پھیکی کردی ہیں۔کشمیر اور فلسطین کی آزادی تک امت مسلمہ کی خوشیاں ادھوری ہیں،عید کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس پرمسرت موقع پر پاکستان، خطے اور پوری دنیا میں امن و خوشحالی کیلئے دعاگو ہیں۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ وسائل نہ رکھنے والے افراد کے ہونٹوں پر مسکراہٹ بکھیرنے سے عید کے لطف کو دوبالا کیا جاسکتا ہے ۔ وزیراعلیٰ سند ھ سید مراد علی شاہ نے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر ہمیں غریبوں کو بھی اپنی خوشیوں میں یاد رکھنا چاہئے ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قوم کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید الفطر کا فلسفہ یہی ہے کہ ذاتی اختلافات کو بھلا کر بطور ملت اسلامیہ یکجہتی کا اظہار کیا جائے ۔انہوں نے اس موقع پر سکیورٹی فورسز کے شہداء کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے اور امن کے قیام کیلئے بر سر پیکار نوجوانوں کو خصوصی مبارک باد دی اور انہیں یقین دلایا کہ قوم انکے ساتھ کھڑی ہے ۔علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا ،صدر ق لیگ چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی ، ایم این اے مونس الٰہی،قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اوردیگرقومی رہنمائوں نے اپنے پیغامات میں ملت اسلامیہ اور بالخصوص اسلامیان پاکستان کو عید الفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ عید کی خوشیوں کے موقع پر غرباء کی مدد کی جائے ۔علاوہ ازیں برطانوی وزیراعظم تھریسامے اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی ہے ۔