لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے 92 نیوز کے پروگرام دی لاسٹ آوور میں میزبان یاسر رشید سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر وائی ڈی اے کا کوئی لیڈر استعفی ٰ دیتا تو پریشان کن بات ہوتی، ڈاکٹروں کے معاملے پر سیاست کھیلی جارہی ہے ، حکومتی اقدامات سے انشااللہ کورونا ختم ہونے جارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ عید سے پندرہ روز قبل مویشی منڈیاں لگائی جاسکیں گی ، جن علاقوں میں کورونا متاثرین کی تعداد زیاد ہ ہوگی تو اسے پھر سے بند کردیاجائے گا۔ امید ہے اگست کے آخر تک صورتحال کلیئرہوجائے گی اورہم سارے ادارے کھول دینگے ۔، سکولوں کی بندش سے بچوں کی تعلیم کا بہت زیادہ حرج ہورہاہے ، قمر زمان کائرہ نے کہا شہبازشریف کی بیماری کی وجہ سے اے پی سی التوا کا شکار ہوئی ، اس حکومت کا جتنی جلدی خاتمہ ہوگا بہتر ہوگا ، پی پی کسی غیر آئینی اورغیر جمہوری اقدام کو سپورٹ نہیں کریگی۔ ن لیگ کے رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ حکومت کی نا قص کارکردگی کی وجہ سے اپوزیشن موثر احتجاج یا تحریک چلاسکتی ہے ۔ جب پارٹی سمجھے گی تو مریم نواز متحرک ہوجائیں گی،نوازشریف لندن میں بیٹھ کر اپنا اور اس حکومت کا علاج بھی کررہے ہیں۔جہانگیرترین اورنوازشریف کے درمیان ملاقات کے حوالے سے کہا کہ ان میں براہ راست ملاقات نہیں ہوئی البتہ کچھ لوگوں کی وساطت سے دونوں میں رابطہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم ووٹ کے ذریعے تبدیلی لانے کے خواہاں ہیں غیر پارلیمانی اورغیر جمہوری کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے ۔ سینئر صحافی رانا عظیم نے کہا کہ موجودہ حکومت میں ڈاکٹروں کو جتنی سہولتیں ملی ہیں اتنی ماضی میں نہیں ملیں، لگتا ہے کہ ڈاکٹروں کو کوئی اورکنٹرول کررہاہے ۔ اے پی سی کے بعد شاید کوئی بڑی تحریک چلائی جائے یا اسمبلی کے اندرحکومت کو ٹف ٹائم دیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج زہریلے پانی کی سپلائی کررہی ہے ۔نمائندہ خصوصی قاسم نواز عباسی نے کہاکہ اسلام آباد کے اندر سکولوں کے نام پر 52 پلاٹس سستے داموں دیئے گئے ان پلاٹس کے دینے میں سیاسی شخصیات بھی ملوث تھیں۔