لاہور(سپورٹس ڈیسک) کرکٹر عثمان قادر کے ہاں بیٹی کی پیدائش ان کے لئے خوش بختی کی علامت بن گئی ، بیٹی کی پیدائش کے ایک ہفتے بعد ہی عثمان قادر کوقومی کرکٹ ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق معروف بین الاقوامی شہرت یافتہ لیجنڈ عبدالقادر کے صاحبزادے عثمان قادر نے ٹی وی ،فلم اور تھیٹر کی خوبرو اداکارہ صوبیہ خان سے شادی کی تھی اوراب ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ،دونوں اپنی بیٹی کی پیدائش پر بڑے خوش ہیں اور اب عثمان قادر کو قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کرنے پر ان کی خوشی دوہری ہوگئی۔اداکارہ صوبیہ خان اپنے شوہر کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت پر بڑی خوش ہیں۔26 سال کے لیگ بریک بائولر لیجنڈری عبدالقادر مرحوم کے فرزند ہیں اور پہلی بار قومی ٹیم کے لیے منتخب ہوئے ہیں، 10فرسٹ کلاس میچوں میں 52.81کی اوسط سے 11 وکٹیں لینے والے عثمان قادر پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندر کا حصہ رہنے کے ساتھ آسڑیلیا میں کھیلی جانے والی بگ بیش لیگ میں پرتھ سکارچرز کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔عثمان قادر ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی میں سینٹرل پنجاب کے لیے فیصل آباد میں کھیل رہے ہیں۔