لاہور(گوہرعلی) پنجاب حکومت نے مسلم لیگ ن کے 10 سالہ دورحکومت میں لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں مالی بدعنوانیو ں پرباقاعدہ کارروائی کاآغاز کرنے کافیصلہ کرلیاہے ۔لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں ہونیوالی مالی بے ضابطگیوں پر کارروائی کیلئے حکومت کی سربراہی میں رواں ماہ پبلک اکائونٹس کمیٹی(تھری ) قائم کردی جائیگی۔پبلک اکائونٹس کمیٹی(تھری) کے قیام کانوٹیفکیشن جاری کرتے ہی حکومتی رکن کواسکاسربراہ منتخب کرلیا جائیگا۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی(تھری) لو کل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں مالی بے ضابطگیوں پرتیزتیرین کارروائی کرنے کیلئے دوسرے محکموں سے لاتعلق رہیگی اورصرف لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ تک ہی محدود رہیگی۔ ذرائع کے مطابق اس کمیٹی کے قیام کیلئے حکومتی حلقوں میں اعلیٰ سطح پرمشاورت جاری ہے ۔جن حکومتی ارکان کے نام اس کمیٹی کیلئے تجویز کئے گئے ہیں انہیں خفیہ رکھا جارہا ہے تاکہ دیگر حکومتی اراکین اپنااثروررسوخ استعمال کرکے کمیٹی میں شامل ہونے کی دوڑ شروع نہ کردیں۔ذرائع نے مزیدبتایا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی(تھری)میں شمولیت کیلئے ن لیگ کے اراکین کو بھی شمولیت کی دعوت دی جائیگی۔ن لیگ نے پنجاب اسمبلی کی کمیٹیوں کابائیکاٹ کررکھاہے اسلئے اب اس کیلئے نئی مشکل پیدا ہوگئی ہے کہ وہ پبلک اکائونٹس کمیٹی(تھری) کاحصہ بنے گی یانہیں۔