ٹانک(نمائندہ 92نیوز)تھانہ گومل پولیس موبائل پر دستی بم حملے اور ایف سی کی موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 2اہلکار شہید ، ایس ایچ او اور راہگیر سمیت سات پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں، پولیس کی جوابی کاروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا، پولیس کے مطابق ٹانک کے نواحی علاقہ گومل میں پولیس کی موبائل معمول کے گشت پر تھی کہ تاک میں بیٹھے مسلح ملزم نے پولیس کی گشتی پارٹی پر دستی بم سے حملہ کر دیا جسکے نتیجہ میں تھانہ گومل کے ایس ایچ او عنایت اللہ ،ہیڈ کانسٹیبل محمد شفیق ،سپاہی سعید الرحمن ،سپاہی کوثر ،سپاہی عمر خطاب اور سپاہی عامر نوید شدید زخمی ہو گئے ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ گومل اور اور ٹانک پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا،پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی سے مبینہ حملہ آور جس کا نام محمد نسیم بتایا جاتاہے مارا گیا جبکہ ایک راہگیر جسکا نام حبیب اللہ بتایا گیا ہے زخمی ہوا ، زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے ٹانک ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ مارے جانیوالے حملہ آور کی لاش کو تحویل میں لیکر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔ ادھر دوسرے واقعہ میں تھانہ گومل کی حدود میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کی موبائل گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر فرنٹیئر کانسٹیبلری کے دوجوان جن کے نام محسن اور یاسین بتائے جاتے ہیں شہید ہو گئے ، اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی کے حکام بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن کیا۔