ڈینگی سرویلنس کے دوران ضلعی انتظامیہ کے افسران کو لاہور کے چھ مقامات سے ڈینگی کا لاروا برآمد کیاہے جسے سپرے کے ذریعے فوری طور پر تلف کرا دیا گیا۔ ڈینگی مچھر کی سب سے بڑی پناہ گاہ ٹھہرا ہوا صاف پانی ہے۔ موسم برسات کے بعد چونکہ کئی علاقوں‘ میدانوں،پارکوں اور گھروں کے باہر پانی کھڑا رہتا ہے جس سے ڈینگی مچھر جنم لیتا ہے۔ ڈینگی مچھر صبح اور شام کے وقت خاص طور پر کاٹتا ہے۔ اس مچھر کی پیدائش کو روکنے کے لئے ضروری ہے کہ گھروں اور اپنے آس پاس کے علاقہ کو صاف رکھا جائے تاکہ اس کا لاروا نہ بن سکے۔ جہاں پانی کھڑا ہو اس کے نکاسی کا انتظام کیا جائے‘ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ ڈینگی سے بچائو اور اس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے عوام میں آگاہی مہم جاری رکھے اور ڈ ینگی سے تحفظ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ گھروں اور مشتبہ علاقوں میں سپرے کرایا جائے ۔عوام کو یہ باور ہونا چاہیے کہ ڈینگی کھلے ‘محفوظ اور صاف ستھرے پانی میں انڈے دیتا ہے جس سے لاروا بنتا ہے اور پھر اس سے پیوپا بنتا ہے اور مچھرکی نئی نسل جنم لیتی ہے لہٰذا گھروں حتیٰ کہ گملوں اور کیاریوں میں بھی پانی کھڑا نہیں رہنا چاہیے۔صبح اور شام کے اوقات میں اپنے سر، بازو اور پائوں ڈھانک کر گھروں سے باہر نکلنا چاہیے ۔ خصوصاً موسم برسات میں نکاسی آب کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ ڈینگی لاروا پیدا نہ ہو اور ڈینگی کے پھیلائو کو روکا جا سکے۔