لاہور،راولپنڈی،گجرات،پنڈی بھٹیاں، پشاور (جنرل رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،نامہ نگار خصوصی،ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نمائندہ 92نیوز،خبرنگار،این این آئی)ملک بھر میں عوام پرڈینگی مچھرکے وار پر وار جاری ہیں جبکہ پنجاب میں مزید 165افرادینگی کے مرض کا شکار بن گئے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی سے 124،لاہور سے 17،بھکر 5، پاکپتن 2، ڈی جی خان،گوجرانوالہ، حافظ آباد، خانیوال،پنڈی بھٹیاں،اٹک، فیصل آباد اور جہلم سے ایک ایک،منڈی بہائو الدین سے 4 , سرگودھا اور سیالکوٹ سے 3,3 کیس رپورٹ ہوئے ۔پنجاب میں رواں برس ڈینگی کے مریضوں کی تعداد7062ہوگئی۔صوبہ بھر میں زیر علاج مریضوں میں سے 8کی حالت نازک ہے ۔گزشتہ روز صوبہ میں ڈینگی لاروا کی موجودگی پر 29 افراد کوگرفتار کیا گیا، 1303کو وارننگ دی گئی اور 14 مقامات سیل کئے گئے ۔ضلعی انتظامیہ لاہور کی رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں میں شہر ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر 118 ایف آئی آرز کا اندراج کرایا گیا۔راولپنڈی میں تمام تر انتظامات کے باوجود ڈینگی وائرس پر قابو نہ پایا جا سکا، موبائل ہیلتھ یونٹس اور آگاہی مہم بھی کارآمد ثابت نہیں ہو رہی ہے ۔ادھر خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی مچھروں کے پر نہ کاٹے جاسکے اور مزید 60افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ۔