لاہور/راولپنڈی / پشاور /کراچی (جنرل رپورٹر ، اپنے سٹاف رپورٹر سے ،نامہ نگار خصوصی ،خبر نگار، نمائندہ 92 نیوز)ڈینگی وائرس کا شکار ہسپتالوں میں زیر علاج 5 مریض گزشتہ روز زندگی کی بازی ہار گئے ،چشتیہ آباد حاجی کیمپ راولپنڈی کی رہائشی 50 سالہ حفظاں بی بی نے ہولی فیملی ہسپتال میں دم توڑدیا جبکہ کراچی میں نجی ہسپتال میں زیرعلاج مقامی 4 افراد 82 سالہ سرفراز حسین، 35 افشاں آصف، 57 سالہ گلنار بیگم اور 50 سالہ سعیدہ خاتون بھی ڈینگی سے جاں بحق ہوگئیں،لاہور سمیت پنجاب بھر سے پچھلے چوبیس گھنٹوں میں ڈینگی کے 125 ،خیبر پختونخواسے 58 ، کراچی سمیت سندھ سے 247 نئے مریض سامنے آئے ہیں کراچی میں 225 افراداور دیگر اضلاع سے 22 افراد رپورٹ ہوئے ۔ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کے کل 289 مریض زیرعلاج ہیں ، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں 85 لاہور میں21 جہلم اٹک چکوال ڈی جی خان اور گوجرانوالہ میں 1،1،بھکر،وزیر آباد سے 2، 2 ملتان سے 3 ، حافظ آباد اور مظفرگڑھ سے 1,1 شیخوپورہ ،06 سرگودھا سے 1مریض رپورٹ ہوا، دو مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں جبکہ باقی خطرے سے باہر ہیں ضلعی انتظامیہ لاہور کی ج انسداد ڈینگی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 83209 گھروں کو چیک کیا گیااور19037 سپاٹس کو وزٹ کیا گیا۔980 لاروا کی نشاندہی پائی گئی۔63 افراد کیخلاف ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر مقدمات کا اندراج کرایا گیا۔خیبر پختونخوا میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 58افراد ڈینگی وائرس کا شکا ربن گئے جس سے صوبہ بھر میں ڈینگی وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 6ہزار408تک پہنچ گئی جبکہ مذکورہ متاثرین میں سے 53افراد کو ہسپتالوں میں داخل کردیا گیا ۔