نئی دہلی ( نیٹ نیوز)چینی صدرشی جن پنگ2 روزہ دورے پر بھارت کے شہر مہابلی پورم پہنچے جہاں انہوں نے عشائیہ پر بھارتی وزیراعظم مودی سے ڈھائی گھنٹے طویل ملاقات کی۔بھارت کے سیکرٹری خارجہ وجے گوکھال نے دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے حوالے سے میڈیا کو بتایاکہ ملاقات میں دہشت گردی، سلامتی اورتجارتی عدم توازن سمیت اہم معاملات پر بات چیت کی گئی ۔ علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں نے سرحدی مسئلے کے حل کے لئے نمائندہ خصوصی کی ملاقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دریں اثنائمودی اورشی جنپنگ نے منادرکا دورہ کیا۔ ان تاریخی منادر میں مختلف اورمنفرد نقش و نگار بنے ہوئے ہیں جن کے ذریعہ مختلف کہانیاں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔قبل ازیں چین کے صدر کا چنئی ایئرپورٹ پر گورنر تامل ناڈو بنواری لال پروہت نے شاندار استقبال کیا اور اس موقع پر مقامی بھارتی ثقافت کے مطابق ڈھول بھی بجائے گئے ۔