لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی نے قومی ٹی ٹونٹی کپ کے لئے کھلاڑیوں کے معاوضوں کے ساتھ ساتھ انعامی رم میں بھی سو فیصد اضافہ کر دیا ہے ، بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ نہ صرف شائقین کرکٹ کے لیے سنسنی سے بھرپور لمحات لائیگا بلکہ یہ کھلاڑیوں کی آمدن میں خاطر خواہ اضافے کا بھی باعث بنے گا۔نئے ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر فیصل آباد میں شیڈول ٹی ٹونٹی کپ کی فاتح ٹیم کی انعامی رقم میں 100 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے ۔13 سے 24 اکتوبر تک جاری رہنے والے ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ رنرزاپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے انعامی رقم دی جائے گی۔ مختصر دورانیہ کے اس ایونٹ میں مین آف دی میچ کو 25 ہزار اور فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی کو 35 ہزار جبکہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کوایک لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ایونٹ کے بہترین بیٹسمین، باؤلر اور وکٹ کیپر کو بھی ایک ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ایونٹ میں ملک بھر کے بہترین ٹی ٹونٹی کرکٹرز 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی نمائندگی کریں گے ۔ قومی ٹی ٹونٹی کپ میں شریک کھلاڑیوں کی میچ فیس میں بھی گزشتہ سال کی نسبت خاطرخواہ اضافہ کیا گیا ہے ۔پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑی 40 ہزار روپے میچ فیس کی مد میں وصول کریں گے ۔ گزشتہ سال یہ رقم 30 ہزارروپے مقرر تھی۔نان پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑیوں کی میچ فیس میں 113 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔ رواں سال نان پلئنگ الیون میں شامل کھلاڑیوں کو 16 ہزار روپے بطور میچ فیس دئیے جائیں گے ۔