لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں سی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی ماہرین ،ہنرمندوں اور بزنس و دیگر مقاصد کیلئے آئے چینی شہریوں کی بہترین سکیورٹی پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے علاوہ صوبے کے مختلف اضلاع میں ڈسٹرکٹ پولیس افسران بھی سی پیک ورکنگ سائٹس پر ماہانہ بنیادوں پر وزٹس کرکے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہیں جبکہ سکیورٹی پر مامورایس پی یو افسران و اہلکاروں کوتیز رفتارگاڑیوں کے علاوہ ، بلٹ پروف جیکٹس، ہیلمٹس سمیت جدید ساز و سامان فراہم کرکے مسلسل اپ گریڈ کیا جارہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روزسنٹرل پولیس آفس میں چین کے قونصل جنرل مسٹر لانگ ڈنگ بن کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن نے سی پیک پراجیکٹس، بزنس اور دیگر امور کیلئے پاکستان آنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے بہترین انتظامات یقینی بنانے پر پنجاب پولیس کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ ایس پی یو چینی شہریوں کی حفاظت کا فریضہ بھرپورتندہی اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کر رہی ہے ۔