لاہور(کلچرل رپورٹر) رائیٹر، ڈائریکٹر و فلمساز آفتاب حسن کی نئی اردو فلم’’لٹیرے ‘‘ امریکہ میں بھی ریلیز کی جائیگی۔تفصیلات کے مطابق اس فلم کو سنسر سرٹیفکیٹ بھی مل چکاہے اور ان دنوں اسے سینما گھروں میں ریلیز کرنے کی تیاریاں زوروں سے جاری ہیں۔ایک ملاقات کے دوران آفتاب حسن نے بتایاکہ ان کی یہ فلم نوجوان نسل کے مسائل کو لے کر بنائی گئی ہے اور انہیں یقین ہے کہ ان کی یہ فلم نئی نسل میں بہت مقبولیت حاصل کرے گی۔انہوں نے کہاکہ اس فلم کے رائیٹر ،ڈائریکٹر اور پروڈیوسر وہ خود ہیں جبکہ ڈی او پی اسد نور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ فلم کی کاسٹ میں ان کے ساتھ مایا جٹ، راجہ حمزہ خان،ذیشان گجر، علی سلمان، مقصود انور (جانو بابا) اور شہزاد پرنس و دیگر شامل ہیں ۔ فلم کامیوز ک امتیاز علی نے ترتیب دیاہے ۔ آفتاب حسن نے مزید کہاکہ اس فلم میں سب اداکاروں نے اپنے کردارکے ساتھ بھرپور انصاف کیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہماری یہ فلم پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کے اس سفر میں اپنا کردار اداکرے گی۔