نیا سال شروع ہو چکا ۔ عموماً نومولود سال مبارکبادیں دیتے گزرتا ہے ۔ نیک خواہشات کا اظہار کیا جاتا ہے ۔ تمنائیں اور امیدیں ظاہر کی جاتی ہیں ۔ مختلف عزائم کا اظہار کیا جاتا ہے ۔ عہد باندھے جاتے ہیں ۔ وعدے ہوتے ہیں ۔ آئیے آج ہم بھی کچھ وعدے کرتے ہیں ۔ مگر ، اس عزم کے ساتھ ، کہ ان وعدوں کی تکمیل میں سنجیدگی دکھائیں گے ۔ ذمہ داری سے کردار نبھائیں گے ۔ کچھ تقاضے ہیں ، جو ہم پر قرض ہیں ۔ ان تقاضوں سے عہدہ برآء ہونے کیلئے ہمیں لائحہ عمل طے کرنا ہے ۔ سب سے پہلے تو اہلیان وطن کیلئے میری نیک تمنائیں ، کہ سال 2021ء ایک صحت بخش سال ہو اور صحت و زندگی کے ساتھ خوشیاں لے کر آئے اور پینڈامک فری و کرپشن فری بن کر ابھرے۔ جبکہ سال 2020ء میں پینڈامک کا شکار ہو کر دنیا سے رخصت ہونے والوں کیلئے خصوصی دعا اور لواحقین سے دلی تعزیت بھی کرتا ہوں اور سال نو میں کورونا سمیت تمام وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے بھی اللہ کے حضور التجا کرتا ہوں ۔ نیا سال پاکستان کو صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب بنانے کے عہد کے ساتھ شروع کیجئے ۔ وزیر اعظم پاکستان نے اس ضمن ٹین بلین ٹری پروگرام متعارف کروا رکھا ہے ۔ آئیے عہد کریں کہ نئے سال میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کا ٹارگٹ پورا کریں گے اور ٹین بلین ٹری منصوبے کو تکمیل کے قریب ترین لائیں گے۔ صاف ستھرے ، سرسبز پاکستان کیلئے شجرکاری بے حد ضروری ہے ۔ محکمہ جنگلات شجرکاری اہداف کے سالانہ ورک پلان پر تیز ترین حکمت عملی کے ساتھ سنجیدہ کردار ادا کر رہا ہے۔ نئے سال میں محکمہ جنگلات نئے عزم کے ساتھ بلین ٹری سونامی پروگرام اور شجرکاری اہداف کی تکمیل کیلئے متحرک ہے۔ تاہم اس پراجیکٹ میں ہمیں آپ عوام کا ساتھ درکار ہے ۔ درخت کاٹنے کی بجائے مزید لگائیں ، ان کی حفاظت کیجئے ، ان کی پرورش کیجئے ۔ یہ بہت ضروری ہے ، ہمارے لئے بھی ، ہماری آنے والی نسلوں کیلئے بھی اور پلوشن فری پاکستان کیلئے بھی ۔ (سردار محمد سبطین خان ، وزیر جنگلات پنجاب)