لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اتھارٹی کا قیام عمل آچکا ، اسلام آباد کے بعد آج پاکستان کے دوسرے منصوبہ بند شہری کو آباد کرنے کی طرف جا رہے ہیں ، یہ شہر نیا لاہور ہو گا جسے منصوبہ بندی کے تحت بسایا جائے گا، 3 بیراج بنیں گے اور 5 لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی ذخیرہ ہو گا، پانی کی سٹوریج سے لاہور کے اندر زیر زمین پانی کی کم ہوتی سطح بہتر ہو گی، جھیل بننے سے ایکو سسٹم بہتر ہوگا، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق آبی اور فضائی آلودگی کے سدباب کیلئے گرین زون بنائے جائیں گے ، 60 لاکھ پودے لگائے جائیں گے ، عوام کو رہائش کی بہترین سہولتیں میسر آئیں گی، تقریبا18 لاکھ رہائشی یونٹس بنیں گے ، اتھارٹی کا چیئرمین لگا دیا گیا اور بورڈ مکمل ہو چکا ، اس میگا پراجیکٹ کے آغاز کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی، یہ پاکستان کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہے ، یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے جسے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہماری حکومت نے قبول کیا ہے ، سابق ادوار میں کوئی بھی اس چیلنج کو قبول کرنے کی ہمت نہیں کر سکا، انشاء اللہ اس چیلنج کو پورا کریں گے ، پراجیکٹ سے معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اورمقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا، دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے میجرطفیل محمد شہید نشان حیدر کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام کہا کہ میجرطفیل محمد شہید نے پاکستان کے پرچم کو سر بلند رکھنے کے لئے جان کا نذرانہ پیش کیا، میجرطفیل محمد شہیدنے اپنی بہادری اور شجاعت سے دشمن کو بے پناہ نقصان پہنچایااور بہادری اور جرأت کی اعلیٰ مثال قائم کی، شہداء کی عظیم قربانیوں پر پاکستانی قوم کو ناز ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ تنقید کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے ، موجودہ حکومت پاکستان کی شفاف ترین حکومت ہے ، کبھی غلط کام کیا نہ کسی کو کرنے دیں گے ، الزامات کی منفی سیاست کرنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، نیا پاکستان بن کر رہے گا، واویلا مچانے والوں کا کوئی مستقبل نہیں اوریہ عناصر ہمیشہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے مخالف رہے ہیں، 22 کروڑ عوام دوغلے چہرے پہچان چکے ہیں ، حکومت کی انسداد کورونا کی پالیسی کامیاب رہی ہے اور سٹیک ہولڈرز کی مشاور ت کے بعد سمارٹ لاک ڈاؤن کو ختم کیا ہے ،شہریوں کو احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے ، ماسک پہننے کی پابندی اور سماجی فاصلے بدستوربرقرار رکھنے سے صورتحال مزید بہتر ہو گی، کورونا کے حوالے سے کامیابی کا کریڈ ٹ وزیر اعظم کی حکمت عملی کو جاتا ہے ۔