لاہور(انور حسین سمرائ) پنجاب حکومت نے موجودہ بلدیاتی نظام کو تبدیل کرنے کے لئے بل پنجاب اسمبلی میں پیش کردیا ہے ۔ پنجاب اسمبلی سے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری کے ساتھ ہے موجودہ بلدیاتی نظام غیر فعال ہوجائے گا، ایک سال کے لئے صوبہ بھر میں ایڈمنسٹریٹرز تعینات کئے جائیں گے اور اس عرصے میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونگے جس میں مئیر کا انتخاب براہ راست عوام ووٹ کے ذریعے کریں گے جبکہ کونسلرز کا انتخاب متناسب سسٹم کے تحت ہوگا۔ نیا بلدیاتی نظام بین الاقوامی طور پر کامیاب کلوز لسٹ پروپوشنل ریپرزنٹیٹو سسٹم کی بنیاد پر بنایا گیا ہے تاکہ تمام اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جاسکیں۔ نئے نظام میں صوبائی انتظامیہ کے افسران کا کردار معاونت کی حد تک ہوگا ، میئر مکمل طور پر انتظامی و مالی معاملات میں خود مختار و آزاد ہوگا۔آزاد حیثیت میں امیدوار کا کونسلر کاانتخاب لڑنا ممکن نہ ہوگا۔ تحصیل کی سطع پر 56 افراد کو بطور کونسلر متناسب سسٹم کے تحت ووٹز پانچ سال کے لئے منتخب کریں گے جبکہ میئر تحصیل و میٹروپولٹین میں عوام کے ووٹ سے براہ راست منتخب ہوگا۔ ان 56 کونسلرز میں سے 40جنرل سیٹوں، 8 خواتین اور 8اقلیتی، مزدور و کسان ممبران منتخب ہونگے ۔ انتخابات سیاسی جماعتوں کی بنیاد پر ہونگے اور ووٹر کو میئر کے علاوہ ایک ووٹ دینا ہوگا جو کسی بھی سیاسی پارٹی کے نامزد 56 امیدواروں کے لئے تصور کیا جائے گا۔ تمام تحصیل حکومتوں کو مالیاتی کی فراہمی ان کی پرفارمنس ، اخراجات، ترقیاتی منصوبہ جات، عوام دوست پالیسوں اور ٹیکس اصلاحات سے منسلک ہوگی۔ منتخب میئر کے خلاف عدم اعتماد تین چوتھائی اکژیت سے منظور ہوسکے گی اور تحصیل کا بجٹ بھی مئیر خود بنائے گا جو کونسل دو تہی اکژیت سے منظور کرے گی۔منتخب میئر کے اختیارات میں صوبائی حکومت کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی اور نہ ہی سیاسی بلیک میلنگ ممکن ہوسکے گی۔ تحصیل کی سطع پر منصوبہ بندی، کوارڈینیشن اور انفورسمنٹ کا ایک مضبوط میکانزم متعارف کروایا جائے گا ۔ میئر تحصیل کا اکائونٹ فور بھی خود اپریٹ کرے گا۔ دیہاتوں میں سوک سٹرنتھنگ فار نان پولیٹیکل سوشل سیٹ اپ کے تحت پنچائیت سسٹم متعارف کرویا جائے گا جس میں تین سے پانچ نمائندوں کا انتظاب بھی متناسب نمائندگی کے تحت کیا جائے گا۔ صوبہ بھر میں 2300پنچائیت بنائی جائیں گی جو مقامی سطع پر تمام مسائل کا باہمی مشاورت سے حل کرنے کی ذمہ دار ہوگی اور اس کو قانونی حیثیت بھی حاصل ہوگی۔