اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ) چیئرمین نیب جاوید اقبال نے سپیکرقومی اسمبلی کونیب کی سالانہ رپورٹ پیش کردی۔گزشتہ روز سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے ملاقات کی۔چیئرمین نیب نے سپیکر کو ملک میں جاری احتسابی عمل اور احتسابی عمل کو زیادہ شفاف اور موثر بنانے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔نیب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا اس ادارے کا بدعنوان عناصر کے خلاف جہاد اور 2020ء کے دوران 323.29 ارب روپے کی وصولی قابل ستائش ہے ۔موثر اقدامات سے معاشرے کو بدعنوانی جیسے موزوں مرض سے نکالا جا سکتا ہے ،معاشرے کے تمام طبقات کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ کرپٹ پریکٹس کی حوصلہ شکنی کریں اور ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے حکومت کی کوششوں کی حمایت کریں۔انہوں نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے متاثرین کی ڈوبی ہوئی رقوم کی واپسی کے لیے چیئرمین نیب کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں سراہا۔ انہوں نے چیئرمین کو معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے ادارے کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ چیئرمین نیب نے کہا ارکان پارلیمنٹ اور کاروباری طبقے کی جانب سے مثبت تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں، احتسابی عمل سے کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، ہمارا ایجنڈا صرف پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے ، نیب نے سال 2020 میں 323.29 ارب روپے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے ۔ انہوں نے بتایا کیا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان ، ورلڈ اکنامک فورم ، پلڈاٹ اور مشال پاکستان جیسی معروف بین الاقوامی تنظیموں نے کرپشن کے خاتمے میں نیب کی کارکردگی کو خصوصی طور سراہا ہے ۔