اسلام آباد،نوابشاہ (نامہ نگار،این این آئی، بیورورپورٹ)نیب نے پارک لین کیس میں سابق صدر آصف زرداری کیخلاف ضمنی ریفرنس اسی مہینے دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق ضمنی ریفرنس میں کرپشن کی رقم 1.5 بلین سے بڑھ کر چار ارب روپے ہو گئی، ضمنی ریفرنس میں مزید شواہد عدالت کے سامنے پیش کئے جائینگے ، سابق صدر کو بطور کمپنی ڈائریکٹر ریفرنس میں ملزم نامزد کیا گیا جبکہ ریفرنس میں دیگر 10ملزمان بھی نامزد ہیں۔ضمنی ریفرنس میں وعدہ معاف گواہان کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے ، گواہان نے نیب کو بیان دیا ہے کہ تمام معاملات پارک لین کی انتظامیہ کے کہنے پر کرتے رہے ۔ آصف زرداری اور بلاول پارک لین میں 25-25فیصد کے شراکت دار ہیں اور دونوں نیب کے سامنے شراکت داری کا اعتراف بھی کرچکے ہیں۔عدالت نے نیب کے گواہان یکم ستمبر کو طلب کررکھے ہیں۔شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری نے بیماری کے باوجود احتساب عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا، ہزاروں جیالے ان کے ساتھ احتساب عدالت راولپنڈی میں پیش ہونگے۔