اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیب سمیت کوئی ادارہ تاجروں اور صنعتکاروں کو بلاجواز ہراساں نہیں کریگا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کے وفد نے ملاقات کی،اس موقع پر وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی موجود تھے ۔ وفد نے عمران خان کو وزیر اعظم کو منتخب ہونے اور عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ،تاجر برادری اور ملکی صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ،معاشی استحکام اور صنعتی ترقی کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کی بحالی کے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کیا۔وفد نے وزیراعظم کے سامنے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے ٹیکس گوشواروں میں ڈیکلیئرشدہ غیر ملکی اثاثوں کے بارے میں بھی نوٹس دے رہا ہے ۔ نیب اور دیگر اداروں کی جانب سے بھی تاجروں،صنعتکاروں اور کاروباری حضرات کو ہراساں کیا جارہا ہے ۔وزیراعظم نے شکایات سننے کے بعد وفد کی یقین دہانی کرائی کہ نیب اور ایف آئی اے سمیت کوئی ادارہ تاجروں اورصنعتکاروں کو بلاجواز ہراساں نہیں کریگا۔ ڈکلیئر کردہ غیر ملکی اثاثہ جات رکھنے والے پاکستانیوں کو ایف آئی اے تنگ نہیں کریگا۔ تاجر برادری اور صنعتکاروں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ جہاں معیشت کا پہیہ چلے اور ملک معاشی طور پر ترقی کرے وہاں نوجوانوں اور ہنر مندوں کیلئے نوکریوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں۔ ماضی کی حکومتوں کی پالیسیوں کے برعکس موجودہ حکومت تاجر برادی کیساتھ کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل یقینی بنائیگی۔ معیشت سے متعلق ہر فیصلہ پر بزنس کمیونٹی کی مشاورت کو یقینی بنایا جائیگا۔ یقین ہے کہ حکومت اور بزنس کمیونٹی کی مضبوط پارٹنر شپ سے ملک معاشی میدان میں آگے بڑھے گا۔دریں اثنا وزیر اعظم آفس اسلام آباد میں آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جمہوریت کے فروغ، گڈ گورننس، شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے اور عوام الناس کو آگاہی فراہم کرنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے اور اس ضمن میں حکومت کی جانب سے میڈیا کو مکمل سپورٹ فراہم کی جائیگی۔ سابق ادوار کے جمع شدہ میڈیا کے بقایا جات کی ادائیگیوں کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ اخباری صنعت کی مشکلات حل کی جا سکیں۔ تحریک انصاف کے نظریہ کو عوام تک پہنچانے اور اس کو کامیاب کرانے میں میڈیا نے اہم کردار ادا کیا ،اگر میڈیا نہ ہوتا تو میں آج وزیراعظم نہ ہوتا، ہم میڈیا کو مکمل سپورٹ کرینگے ۔ وفد نے عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی اور اخباری صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ملاقات میں وزیر اطلاعات فواد چودھری، معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی، سینٹر فیصل جاوید، سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجودتھے ۔ علاوہ ازیں پشاور زلمی کے چیئر مین اور ہایئر پاکستان کے سی ای او جاوید آفریدی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر اعظم کوملک میں چینی سرمایہ کاری اور اکنامک زون پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم اورجاوید آفریدی نے پاک چین کرکٹ تعلقات پرتبادلہ خیال بھی کیا۔ شاہ فیصل ،فیصل خان،شاہ خالد بھی جاوید آفریدی کیساتھ تھے ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے جس میں حکومتی کارکردگی کاجائزہ لیاجائیگا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر آئی ایم ایف سے مذاکرات کے حوالے سے بریفنگ دینگے جبکہ نیاپاکستان ہاؤسنگ منصوبے اور گرین این کلین پاکستان مہم کے حوالے سے پیشرفت پر بھی بریفنگ دی جائیگی ۔