اسلام آباد (خبرنگار،لیڈی رپورٹر) وفاقی وزیر قانون بیرسٹرفروغ نسیم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت ہر قانون میں بہتری کیلئے پر عزم ہے ،جس میں نیب قانون بھی شامل ہے ، نیب قانون کا بنیادی مقصدبرآمدگی نہیں تاہم برآمدگیاں قانون کا ایک پہلو ضرورہے ۔فروغ نسیم نے اسلام آباد میں بچوں کوانصاف کی فراہمی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین میں دیئے گئے بنیادی حقوق فراہم کرنے کیلئے آگاہی ضروری ہے ، ویژن آرٹس کے ذریعے بنیادی حقوق کی آگاہی بہترین اقدام ہے ۔ بچوں کے حقوق اور انصاف کیلئے کئی قوانین موجود ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے آئندہ آنے والی نسلوں پر سرمایہ کاری کی جائے ، جبری مشقت زیادہ تر بچوں سے ہی کرائی جاتی ہے ، جوینائل جسٹس سسٹم، چائلڈ لیبراور چائلڈپروٹیکشن کے قانون موجود ہیں، پارلیمنٹ میں زینب الرٹ بل زیر غور ہے ، وزارت قانون قوانین میں بہتری کیلئے کام کر رہی ہے ۔ فروغ نسیم نے کہا بچوں کا تحفظ میرے دل کے قریب ترین ہے بہت جلد بچوں کیلئے الگ عدالتیں بھی قائم ہونگی، بچوں کے حقوق کیلئے ورکنگ گروپ بنانا چاہئے ،جوینائل قانون کے قواعد جلد بنا لئے جائینگے ۔