لاہور(اپنے نیوز رپورٹر سے،92 نیوز ) ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کے زیر صدارت ریجنل بیورو کے اجلاس میں نیب لاہور کی گزشتہ 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل اور انویسٹی گیشن ونگز کے تمام ڈائریکٹرز نے شرکت کی اور اجلاس میں بتایا گیا نیب لاہور نے کورونا وبا کے باوجود انتہائی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کیااور کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیموں نے ماضی کے کیسز نمٹاتے ہوئے تمام اہداف کو حاصل کیا۔ نیب لاہور کو جنوری تا جون 2020 کل2181 شکایات موصول ہوئیں،4452 شکایات کو پراسیس و مکمل کیاگیا، 71 شکایات کی تصدیق کا آغاز ہوا جبکہ 79 درخواستوں پر تصدیق کا عمل مکمل کیا گیا، 6 ماہ کے دوران 23 انکوائریاں شروع اورمجموعی طور پر 44 انکوائریاں مکمل کی گئیں،13 انویسٹی گیشنز منظور کی گئیں جبکہ 19 انویسٹی گیشنز کو مکمل کیا گیا ۔پراسیکیوشن ونگ نے 23 ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائر کئے اور 80 کروڑ 46 لاکھ سے زائد کی پلی بارگین کی جس میں سے 50 کروڑ 29 لاکھ وصول کئے جا چکے ہیں ، عدالتی جرمانہ کے طور پر ملزمان سے 20 لاکھ سے زائد کی الگ ریکوری کی گئی جبکہ 20 گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے گئے ۔ اس موقع پر ڈی جی نیب لاہورشہزاد سلیم کا کہنا تھا چیئرمین نیب کے وژن کے مطابق پہلی ترجیح ملزمان سے لوٹی گئی قومی دولت کی برآمدگی ہے ، تمام تفتیشی ٹیمیں بدعنوانی کے مقدمات کو برق رفتاری سے منطقی انجام تک پہنچانے میں مصروف عمل ہیں ،ہماری ترجیح ملک و قوم کے مفادات ہیں۔