کراچی (سپورٹس ڈیسک)جنوبی افریقن کرکٹ ٹیم کے کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز دلچسپ اورسخت مقابلے ہوں گے ، پاکستان میں سیکیورٹی کے انتظامات دیکھ کرمطمئن ہیں۔جنوبی افریقی کپتان ڈی کوک نے ورچول پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز دلچسپ اور سخت مقابلے ہوں گے ، پاکستان کو ہوم کنڈیشنز کا فائدہ ہوگا، میزبان سپنرز ہمارے لیے ایک چیلنج ہوں گے ہماری بیٹنگ بہت مضبوط ہے ، اپنے بالوں سے اچھی کارکردگی کی توقعات ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکورٹی کے حوالے سے مسائل کا سامنا نہیں ہے ، کورونا وائرس سے پوری دنیا متاثر ہے کرکٹ بھی متاثر ہوئی ہے ، طویل مدت برس کے بعد جنوبی افریقہ کی پاکستان آمد خوش آئند ہے ۔کپتان جنوبی افریقن ٹیم نے کہا کہ کافی عرصہ بعد پاکستان آئے ہیں، یہاں کی کنڈیشنز کا زیادہ اندازہ نہیں، ہمیں یہاں کی کنڈیشنز کا اندازہ نہیں جو ہمارے لئے چیلنج ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کا اس کے ہوم گرانڈ پر کھیلنا مشکل ہوتا ہے ، کوچنگ سٹاف میں جن افراد کو یہاں کا تجربہ ہے ان سے یہاں کی کنڈیشنز پر رائے لے رہے ہیں۔ ڈی کوک نے کہا کہ بابراعظم کی واپسی کے بعد پاکستان کی ٹیم اور مضبوط ہوجائے گی، بدقسمتی ہے کہ کورونا کی وجہ سے عوام سٹیڈیم میں آکر میچز نہیں دیکھ سکیں گی۔امید ہے یہ سیریز مستقبل میں مزید کرکٹ کی جانب ایک اور قدم ہوگی، اندازہ ہے کہ پاکستانی سپنرز ہمارے لئے خطرہ بن سکتے ہیں، سکواڈ میں اضافی سپنرز سے اندازہ ہورہا ہے کہ ہمیں یہاں کس طرح کی وکٹیں ملیں گی۔