اسلام آباد، پشاور (نامہ نگار،نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے ڈاکٹر عبدالصمد ڈائریکٹر آ رکیالوجی و میوزیم پشاور کی گرفتاری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب خیبر پختوانخوا کو ہدایت کی ہے کہ ڈاکٹر عبدالصمد کو سو موار کو نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آبادمیں بمعہ متعلقہ ریکارڈ پیش کیا جائے ۔ جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے نیب ڈاکٹر عبدالصمد کی قومی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کی عزت نفس کو یقینی بنانے کے علاوہ آئین اور قانون کے مطابق انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں نیب نے وزیردفاع پرویز خٹک اور سپیکر کے پی کے اسمبلی مشتاق غنی کیخلاف انکوائری شروع کردی۔آئندہ ہفتے پرویز خٹک اور مشتاق غنی کو طلب کئے جانے کا امکان ہے ۔دونوں پر پاک آسٹریلیا انسٹی ٹیوٹ کے قیام اورپروجیکٹ ڈائریکٹر تعیناتی میں اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے ۔ سیکرٹری تعلیم نے ادارے کے قیام اور وفدآسٹریلیالے جانے کیلئے 3 ملین فنڈمانگا، سیکرٹری پی اینڈ ڈبلیو اورسیکرٹری فنانس نے منصوبے کی مخالفت کی،مخالفت کے باوجود منصوبے کی منظوری دیدی گئی ۔نیب ذرائع کاکہنا ہے کہ ادارے کیلئے پروجیکٹ ڈائریکٹرتعیناتی میں بھی میرٹ کو نظرانداز کیا گیا ۔پرویز خٹک نے رولزکی خلاف ورزی کرتے ہوئے منصوبے کی منظوری دی۔