لاہور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزڈیسک ) نیب لاہور نے پنجاب کی بیورو کریسی کی کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے کیخلاف اہم قدم اٹھاتے ہوئے 23 بڑے بیوروکریٹس اور افسران کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے فہرست تیار کر کے ڈی جی آپریشن نیب ہیڈ کوارٹرز اور وزارت داخلہ کو ارسال کر دی ہے ۔سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے منظور نظر سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان،سی ای او قائد اعظم سولر پاور نجم شاہ، سی ایف او قائد اعظم سولر پاور راشد مجید کے نام ایل سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ نیب کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے ایل ڈی اے سٹی کے ڈویلپمنٹ پارٹنر ملک آصف، میاں طاہر جاوید ، عبدالرشید احمد ،شاہد شفیق اور ابراہیم بھٹی، پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے سی ای اوسید فرخ شاہ ، سی ای او گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ ڈاکٹر عطاء الحق ،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور صاف پانی کمپنی کے سابق سی ای او وسیم اجمل ، خالد مجید سابق ایم ڈی ، رانا عارف سابق سی ایف او، جمیل احمد جی ایم ٹیکنیکل، ڈی سی او اوکاڑہ اسلم قاسم اور سابق چئیرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ مینجمنٹ کمپنی جبکہ ارشاد احمد ، میاں لطیف ، اسلم خان اور علی باجوہ کے نام بھی بطورممبر فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ مینجمنٹ کمپنی ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔ذرائع نے بتایا کہ فرحان علی ڈائریکٹر فنانس پیراگون سٹی، شہزاد وحید مینجر پیراگون سٹی کے نام بھی فہرست میں شا مل ہیں۔حمزہ شہباز کے فرنٹ مین چیف انجینئر پبلک ہیلتھ شاہد اظہر کیخلاف ایک اہم حساس ادارہ اور محکمہ اینٹی کرپشن انکوائری کر رہا ہے ۔ انکوائری میں واٹر سپلائی سکیم ننکانہ صاحب میں اٹھارہ کروڑ، واٹر سپلائی سکیم منڈی فیض آباد میں ایک کروڑ، سیوریج سکیم شاہ کوٹ میں پانچ کروڑکی کرپشن کے اہم ثبوت اداروں نے حاصل کر لئے ہیں۔ مرہ بلوچا میں کروڑوں کی واٹر سپلائی سکیم کا 2008 اور 2009 میں ٹینڈر کیا گیا جو کہ کاغذات میں 2011 میں مکمل ہوا اور ساڑھے تین کروڑ اس کے وصول کر لئے گئے جبکہ وہاں پر کام نہیں ہوا تھا۔ مرہ بلوچا میں اب 2018 میں دوبارہ واٹر سپلائی کا کام ہو رہا ہے ۔ ساہیوال میں دوران تعیناتی مختلف کاموں کی منظوری بغیر بینک گارنٹی کے دینے اور صاف پانی کمپنی کی طرف سے دئے گئے کروڑوں روپے کے فنڈز کے حوالے سے بھی اہم دستاویزات اور ثبوت انویسٹی گیشن کرنیوالے اداروں نے حاصل کر لئے ہیں۔ دریں اثناء نیب لاہور نے دریائے راوی زون پراجیکٹ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ پراجیکٹ میں مالی بے ضابطگیوں کے انکشاف کے بعد نیب لاہور نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کیخلاف ایک اور مقدمہ درج کر نے کا فیصلہ کر لیا ہے ، تحقیقات کے سلسلے میں احد چیمہ کوجیل سے نیب آفس لایا جائے گا۔ نیب لاہور نے احد چیمہ کے ایک اور وارنٹ گرفتاری جاری کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نیب لاہور نے کروڑوں روپے کے فراڈ کے الزام میں ڈائریکٹر میسرزساحر ایسوسی ایٹس اﷲ دتہ ہیرا کو گرفتار کر لیا ۔ ترجمان نیب کے مطابق ملزم نے سینکڑوں متاثرین سے کم قیمت پلاٹ اور گھروں کی فراہمی کے وعدے پر خطیر رقوم بٹوری۔ملزم کی جانب سے 2005میں خیابان امین ہائوسنگ سوسائٹی کا افتتاح کیا گیا اور ابھی تک سینکڑوں متاثرین کو وعدوں پر ہی رکھا گیا۔ملزم کیخلاف 200 سے زائد متاثرین 250 ملین مالیت کے کلیم جمع کراچکے ہیں۔ ملزم کے نام کروڑوں کی بے نامی جائیدادوں کی ممکنہ فروخت کے پیش نظر بھی ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ ترجمان کے مطابق ملزم اﷲ دتہ ہیرا کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کرکے 14 روز کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا۔