اسلام آباد،کراچی(نامہ نگار،سٹاف رپورٹر) نیب نے عوام کو گمراہ، بے بنیاد اورحقائق کے منافی پراپیگنڈہ کرنے ،نیب کی ساکھ اورشہرت کو نقصان پہنچانے کے الزام میں سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کو لیگل نوٹس بھینے کافیصلہ کیا ہے ۔ترجمان نیب نے سعید غنی کے الزامات کو مستردکرتے ہوئے کہامذکورہ وزیرکے خلاف نیب کراچی میں تحقیقات جاری ہیں، وہ عوام کو گمراہ کر رہے اور ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے ۔ ادھر سندھ اسمبلی کے باہر میڈسے گفتگو میں وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ نیب نوٹس بھیجے ، سامنا کروں گا، چیئرمین نیب حکومت کے ہاتھوں بلیک میل ہورہے ہیں،انہیں چاہئے کہ وہ اپنی عزت بچائیں اور استعفیٰ دے دیں۔ نیب کو چیلنج کرتا ہوں کہ مجھے چیئرمین کی صدارت میں بنی تین رکنی کمیٹی میں بلائیں، میں ان کے تمام کرتوت ان کے سامنے بے نقاب کروں گا، اگر اب بھی نیب کو اپنی تھوڑی سی عزت کا خیال ہے تو فوری طور پر حلیم عادل شیخ کو گرفتار کرے اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالے جیسا انہوں نے پیپلز پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ کیا، مجھے تو نیب والے بھی اس حکومت کی طرح نالائق ،نااہل لگتے ہیں۔ نیب میری زبان بندی نہیں کرسکتا، میں ان کے جھوٹ اور مکاریاں سامنے لاؤں گا،نیب کا موجودہ قانون کالا قانون ہے اور اس سے ادارے تباہ ہورہے ہیں۔