ملتان،لاہور(جنرل رپورٹر،سپورٹس رپورٹر) نیشنل ٹی20کپ میں خیبر پختونخوا نے یکطرفہ مقابلہ میں بے بس بلوچستان کو 8وکٹوں کی شکست سے دوچار کردیا۔بلوچستان کی آدھی ٹیم کو واپس پویلین پہنچانے والے خیبر پختونخوا کے لیفٹ آرم فاسٹ بائولر شاہین آفریدی مین آف دی میچ قرار پائے ۔شاہین نے 4اوورز میں 20رنز دے کر 5آئوٹ کئے ۔بلوچستان کی اننگز کو 155رنز پر محدود کرنے کے بعد خیبرپختونخوا نے ہدف صرف 2وکٹیں کھوکر 17ویں اوور میں حاصل کرلیا۔کپتان محمد رضوان 57رنزاور افتخاراحمد26رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے ۔ٹیم کی جیت میں محمد حفیظ نے 45رنز اور فخرزمان نے 25رنز کا حصہ ملایا۔ بلوچستان کے وکٹ ٹیکرزعاکف نے حفیظ کو اورعماد بٹ نے فخر کو آئوٹ کیا۔قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنیوالی بلوچستان کی بیٹنگ لائن وکٹیں وقفے وقفے سے گرتے رہنے کے باعث لڑکھراتی رہی ۔شاہین آفریدی نے بلوچستان کی اننگز کی ابتداء میں مجموعی سکور36 پرکاری ضرب لگائی اور دونوں اوپنرز امام الحق (9رنز)اور اویس ضیاء (24رنز) کو یکے بعد آئوٹ کردیا۔ حارث سہیل نے پہلے آفریدی کے "ہیٹرک مشن" کو ناکام بنایا اور بعد میں پہلے سے پچ پر موجود بسم اللہ خان کے ساتھ دھیرے دھیرے سکور بورڈ کو چلانا شروع کیالیکن بسم اللہ خان کو 16کے انفرادی سکورپر آصف افریدی نے ایل بی ڈبلیو کیا ۔حارث سہیل 29رنز بنا کرآئوٹ ہوئے ۔عمران فرحت10،عماد بٹ 4،عمید آصف 7رنز پر شاہین کی بال پر فخر زمان کو کیچ تھما بیٹھے ۔بلوچستان کی اننگز کے ب20اوورمکمل ہوئے تو 8وکٹوں پر مجموعی سکور 155رنز تھااسامہ میر8اورعاکف جاوید بغیر کوئی رنز بنائے ناٹ آئوٹ رہے ۔پختونخوا کے بائولنگ ہیرو آفریدی کی 5وکٹوں کے علاوہ شنواری نے 2اور آصف آفریدی نے ایک آئوٹ کیا۔